اننت ناگ+سرینگر // روح منگہال اننت ناگ میں سیکورٹی فورسز کی سکارپیو پر فائرنگ سے ایک شہری ہلاک ہوا۔ادھربراری پورہ صفا کدل میں جنگجوئوں نے جمعرات کی شام سیکورٹی فورسز بنکر پر گرینیڈ پھینکا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا البتہ ایک پرائیویٹ کار کے شیشے چکنا چور ہوئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ روح منگہال پل پر سی آر پی ایف 40بٹالین نے ناکہ لگایا تھا جس کے دوران یہاں سے گذرنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی لی جارہی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسزنے ایک سلور رنگ کی سکارپیو گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا ۔ لیکن سکارپیو ڈرائیور اشارہ نہ سمجھ سکا اور جب تک سکارپیو گاڑی رکتی، سیکورٹی فورسز نے اس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس میں سوار ایک شہری ہلاک ہوا۔ تاہم سی آر پی ایف کا کہنا ہے کہ انہوں نے گاڑی کو رکنے کیلئے کہا لیکن گاڑی کے اندر سے فائر کیا گیا اور جوابی فائرنگ میں ایک مشتبہ نوجوان زخمی ہواجبکہ ایک مشتبہ شخص فرار ہوا۔مہلوک شخص کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ججرکوٹرلی جموں کا رہنے والا ہے اور اُس کی شناخت یاسر علی کے طور پر ہوئی۔ادھر برارہ پورہ عید گاہ میں گرینیڈ دھماکہ کا واقعہ شام 8بجکر 40منٹ پر پیش آیا۔ مشتبہجنگجوئوں نے161بٹالین سی آر پی ایف اے کمپنی کے بنکر پر گرینیڈ داغا جو بنکر کے نزدیک گر کر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس واقعہ میں ایک پرائیویٹ گاڑی زیر نمبر JK01AB/1331کے شیشے ٹوٹ گئے۔واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے ملحقہ علاقے کو گھیرے میں لیا اور تلاشیاں لیں۔ادھرپولیس کے مطابق ملہ پورہ میر بازار میں مقامی لوگوں نے جمعرات کی دوپہر ایک شیل دیکھا جس کے بارے میں انہوں نے پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس کی ایک پارٹی جائے واردات پر پہنچ گئی جنہوں نے شیل کو بر آمد کرکے بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا۔واضح رہے کہ 13 اگست کو اسی مقام پر ایک تصادم آرائی کے دوران ایک غیر مقامی جنگجو مارا گیا تھا۔ادھر بی ایس ایف نے سانبہ سیکٹر میں اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ڈی آئی جی بی ایس ایف نے بتایا کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد جمو ں کے سانبہ سیکٹر میں اُس پار سے ہتھیاروں کی سمگلنگ کی کوشش ہوئی تھی جس کو ناکام بنایا گیا جس دوران بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد کر لیا گیا ۔ بر آمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود میں 4 پستول،8 پستول میگزین اور 232 گولیاں شامل ہیں۔