کراچی/پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ سے قبل پاک ٹیم کو شدید دھچکہ لگا ہے جس کا براہ راست اثر ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر پڑسکتا ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنے نمبر ایک اسپنر اور حالیہ سالوں میں پاکستان کی فتوحات کے مرکزی کردار لیگ اسپنر یاسر شاہ کی خدمات سے محروم ہوگئی ہے۔ وہ پیر کو فٹنس ٹیسٹ میں بھی شریک نہیں ہوں گے۔31سالہ یاسر شاہ کی گروئن میں فریکچر بتایا جاتا ہے انہیں فٹ ہونے میں کئی ہفتے درکار ہیں۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اتوار کو نمائندہ جنگ کو خصوصی انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ یاسر شاہ آئر لینڈ اور انگلینڈ میں تینوں ٹیسٹ میچوں سے آئوٹ ہوگئے ہیں۔ مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ اور یاسر شاہ کے ان فٹ ہونے سے پاکستانی ٹیم کو شدید نقصان ہوگا۔ پاکستان کے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر پابندی ہے اور وہ ٹیسٹ ٹیم سے باہر ہیں۔ رومان رئیس ،عماد وسیم اور سہیل خان بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔ انضمام الحق نے کہا کہ لیگ اسپنر شاداب خان اور آف اسپنر بلال آصف کے ساتھ کیمپ میں لیفٹ آرم اسپنر کاشف بھٹی کو طلب کیا گیا ہے۔ کاشف بھٹی نے حیدرآباد ریجن اور سوئی سدرن گیس کی جانب سے فرسٹ کلاس سیزن میں کامیاب بولر رہے، یاسر شاہ کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل کمیشن کی رپورٹ حوصلہ افزا ء نہیں ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ وہ آئر لینڈ اور انگلینڈ کی سیریز مس کرکے اکتوبر میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سیریز تک مکمل فٹ ہوسکیں۔ یاسر شاہ پاکستان کے اہم اسپنر ہیں آئر لینڈ میں ان کی بولنگ سے پاکستان ٹیم کو فائدہ مل سکتا تھا۔2016 میں پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز دو دو سے برابر کی تھی دونوں ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی بولنگ نے پاکستان کو فتح دلائی تھی۔ لارڈز میں یاسر شاہ نے میچ میں 141رنز دے کر دس وکٹ حاصل کئے تھے۔ اوول کے آخری ٹیسٹ میں یونس خان کی ڈبل سنچری کے علاوہ یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں71رنز کے عوض پانچ وکٹ حاصل کئے تھے۔نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے 31سالہ کاشف بھٹی 71فرسٹ کلاس میچوں میں264وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔یاسر28ٹیسٹ میں ریکارڈ165 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر چکے ہیں۔ گذشتہ سال ستمبر میں یاسر شاہ سب سے کم ٹیسٹ میچوں میں ایک سو پچاس وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر بن گئے تھے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظبی میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ یاسر شاہ کا 27 ٹیسٹ تھا۔ وقاریونس اور انہوں نے ایک سو پچاس وکٹیں 27 ٹیسٹ میچوں میں مکمل کی ہوئی ہیں۔ انضمام الحق نے کہا کہ کاشف بھٹی کے بارے میں کافی اچھی رپورٹ ملی ہے انہیں کیمپ میں بلاکر چیک کیا جائے گا۔
اگر وہ معیار پر پورے اترے تو انہیں چانس دیا جائے گا۔