جاوید اقبال
پونچھ//ضلع پولیس پونچھ نے امن عامہ کے خلاف سرگرمیوں کے تدارک کے لیے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک بدنام زمانہ ملزم کو پی ایس اے کے تحت حراست میں لے لیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار شخص محمد یوسف ولد حکیم دین ساکن سلواہ، تحصیل مینڈھر، طویل عرصے سے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور اس کے خلاف پولیس اسٹیشن مینڈھر میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ان مقدمات میں ایف آئی آر نمبر 129/2018 زیر دفعات 353/382 آر پی سی، ایف آئی آر نمبر 24/2019 زیر دفعات 341/323/147/336/382 آر پی سی، ایف آئی آر نمبر 217/2024 زیر دفعات 109/191(2)/191(3)/115(2)/307 بی این ایس و 4/25 آرمز ایکٹ، اور ایف آئی آر نمبر 38/2026 زیر دفعات 126(2)/115(2)/191(2)/307/351(2) بی این ایس شامل ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بارہا قانونی کارروائیوں کے باوجود مذکورہ ملزم اپنی غیر قانونی اور سماج دشمن سرگرمیوں سے باز نہیں آیا اور مسلسل مینڈھر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں امن و امان کو متاثر کرتا رہا۔ اس کے طرزِ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس نے اسے عوامی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔ضلع پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم کے خلاف ایک تفصیلی ڈوزیئر تیار کرکے متعلقہ حکام کو پیش کیا گیا، جس کی بنیاد پر پی ایس اے کے تحت نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے۔ اس کارروائی کا مقصد علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔پولیس نے واضح کیا کہ ضلع میں امن کے قیام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، تاکہ عوامی سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جا سکے۔