محمد تسکین
بانہال // امرناتھ یاتراکا گیارہواں قافلہ اتوار کی علی الصبح بھگوتی نگر یاتری نواس جموں سے سخت اور کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کے بیچ کشمیر کی جانب روانہ ہوا۔ قافلے میں 359گاڑیوں کے ذریعے مجموعی طور پر 9,153یاتری بالتل اور پہلگام کے بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوئے۔سرکاری حکام کے مطابق 3,429یاتری 149گاڑیوں میں مختصر بالتل راستے جبکہ 5,724یاتری 210گاڑیوں میں روایتی پہلگام راستے سے روانہ ہوئے۔یاتریوں میں 6,522مرد، 2,233خواتین، 18بچے، 267سادھو، 112سادھویاں اور ایک سادھو بچہ شامل تھا۔ حکام کے مطابق اتوار کے قافلے میں کوئی غیر ملکی یا خواجہ سرا یاتری شامل نہیں تھا۔قافلے کو جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے کثیر سطحی سیکورٹی حصار میں روانہ کیا گیا۔ بالتل اور پہلگام جانے والے دونوں قافلوں کے ساتھ علیحدہ سیکورٹی دستے تعینات کیے گئے تاکہ جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر یاتریوں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ بالتل جانے والا قافلہ صبح کے وقت بانہال پہنچ گیا، جبکہ پہلگام جانے والا قافلہ ناشتے کے لیے رامبن کے چندرکوٹ یاتری لنگر پر رکا، جس کے بعد سخت سیکورٹی اور منظم ٹریفک انتظامات کے تحت کشمیر کی جانب روانہ ہوا۔گیارہویں قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی رواں یاترا کے آغاز سے اب تک جموں سے کشمیر روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 79,947 تک پہنچ گئی ہے جبکہ حکام کے مطابق اںتکثدو لاکھ سے زائد یاتریوں نے پوتر امرناتھ گھپا کے درشن کئے ہیں۔