عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں ٹریفک پولیس نے کارروائی کے موڈ میں آتے ہوئے ان گاڑیوں کے خلاف بڑی مہم شروع کر دی ہے جن کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (آر سی) معطل کیے جا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ شہر کی سڑکوں پر چل رہی ہیں۔ یہ کارروائی ان گاڑیوں کے خلاف کی جا رہی ہے جن پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے پانچ یا اس سے زیادہ چالان زیر التوا ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر محکمۂ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس نے ضلع جموں میں 26 ہزار سے زائد گاڑیوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس معطل کر دیے ہیں۔ یہ اقدام سپریم کورٹ کی جانب سے سڑکوں کی حفاظت کے حوالے سے جاری سخت ہدایات کی تعمیل میں بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس صورتحال کے پیش نظر جموں ٹریفک پولیس نے ایسے قانون شکن عناصر کے خلاف خصوصی مہم شروع کر دی ہے اور معطل شدہ آر سی والی گاڑیوں کو شہر کی سڑکوں پر چلتے ہوئے پکڑ کر ضبط کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی سے نہ صرف ایسی گاڑیوں کی نشاندہی ہوگی بلکہ ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر پر بھی نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔ذرائع کے مطابق سینئر حکام کی ہدایت پر شہر بھر میں ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر موجود افسران معطل شدہ آر سی والی گاڑیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب شہر بھر میں یہ ایک عام منظر بن چکا ہے۔ جیسے ہی ایسی کوئی گاڑی نظر آتی ہے اور موقع پر تصدیق ہو جاتی ہے، اسے ضبط کرکے ٹرانسپورٹ یارڈ منتقل کر دیا جاتا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سالانہ امرناتھ یاترا سے قبل اس مہم کو نہ صرف ٹریفک نظم و نسق بہتر بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ اسے سماج دشمن اور ملک دشمن سرگرمیوں کی نگرانی کے ایک اہم اقدام کے طور پر بھی لیا جا رہا ہے۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں “نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان” بھی جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جن گاڑیوں کی آر سی معطل کی گئی ہے، ان میں سے بعض مبینہ طور پر سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر استعمال کر رہے ہیں، جبکہ چند گاڑیوں کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ چوری شدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی گاڑیوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف ضروری کارروائی کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے ضروری ہے۔
ذرائع کے مطابق جاری مہم کے دوران چوری شدہ گاڑیوں اور جعلی یا تبدیل شدہ نمبر پلیٹوں والی گاڑیوں کی بھی نشاندہی کی جا رہی ہے۔جموں ساؤتھ کی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ٹریفک) ڈاکٹر سنیہ وانی نے کہاکہ “یہ کارروائی ان گاڑیوں کے خلاف شروع کی گئی ہے جن کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کو ٹرانسپورٹ کمشنر نے معطل کر دیا ہے۔”انہوں نے مزید کہاکہ “بڑی تعداد میں ایسی گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی جن کے مالکان نے پانچ یا اس سے زیادہ مرتبہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے باوجود اپنے چالان ادا نہیں کیے۔ ٹریفک پولیس کی خصوصی مہمات کے دوران ان گاڑیوں کی شناخت کرکے انہیں ضبط کیا جا رہا ہے۔”