عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے ادھم پور میں واقع شمالی کمان (ناردرن کمانڈ) کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔حکام نے بدھ کے روز یہاں بتایا کہ جنرل دویدی نے شمالی کمان کا دورہ کر کے وہاں آپریشنل تیاریوں، جنگی صلاحیتوں میں اضافے اور جدید کاری کے اقدامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں کثیر الجہتی آپریشنز، نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے، انفراسٹرکچر کی ترقی اور مربوط جنگی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
شمالی کمان اور فارمیشن ہیڈ کوارٹر کے اعلیٰ افسران سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے زور دیا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئی ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کا استعمال انتہائی ضروری ہے۔ جنرل اوپیندر دویدی نے تمام رینکس کے جوانوں اور افسران کی غیر متزلزل وابستگی اور آپریشنل مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے ملک کے دفاع کے لیے ہمیشہ چوکنا اور تیار رہنے کی ان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی آج دوپہر اپنا یہ دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہوں گے۔
فوجی سربراہ کا شمالی کمان کا دورہ؛ سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا