عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امرناتھ یاترا – 2023 کی فرضی رجسٹریشن سلپس کی تیاری اور فروخت میں ملوث ایک ریکٹ کا پردہ فاش کیا ہے، جس میں عقیدت مندوں کو دھوکہ دیا گیا ہے اور اس ریکٹ کے مرکزی ملزم کو اس کے دو ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔ایس ایس پی جموں چندن کوہلی نے کہا کہ جاری امرناتھ یاترا کے کچھ عقیدت مندوں کی یاترا رجسٹریشن سلپس کی جانچ کے دوران جموں انتظامیہ کو پتہ چلا کہ کچھ عقیدت مندوں کے پاس جعلی پرچیاں ہیں۔اس پر نوٹس لیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ ان عقیدت مندوں کو دہلی سے چلائے جانے والے ایک ریکیٹ کے ذریعہ دھوکہ دیا گیا ہے جس میں یاتریوں کو فرضی رجسٹریشن سلپس فراہم کی جارہی ہیں۔کیس 188/23 زیردفعہ 420 IPC کے تحت تریکوٹہ نگر پولس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا تھا اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی تھی۔
متعلقہ پی ایس، ایس ڈی پی او ایسٹ اور ایس پی ساؤتھ جموں کی ٹیم نے اس کی مکمل جانچ کی۔تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دہلی کا ایک شخص ان فرضی رجسٹریشن سلپس کی تیاری میں ملوث ریاکٹ چلا رہا ہے اور جموں پولیس کی ایک ٹیم نے دہلی میں چھاپہ مار کر ملزم ہریندر ورما ولد دیویندر ورما ساکنہ ویسٹ کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ بعد میں اس کے دو ملزمین دلیپ پرجاپتی ولد ہری چند، ونود کمار ولد جگن ناتھ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔مرکزی ملزم جعلی رجسٹریشن سلپس تیار کرنے میں ملوث تھا جبکہ دیگر دو ساتھی عقیدت مندوں کے لیے بس سروس اور میڈیکل سرٹیفکیٹ کا انتظام کرنے میں ملوث تھے۔ملزمان اس ریکٹ کو چلا رہے تھے اور عقیدت مندوں کو جعلی رجسٹریشن سلپس بیچ کر ان کی محنت کی کمائی سے دھوکہ دے رہے تھے۔
چھاپے کے دوران واردات میں استعمال ہونے والا کمپیوٹر اور پرنٹر بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ایس ایس پی جموں چندن کوہلی نے امرناتھ کی یاترا پر آنے کے خواہشمند عقیدت مندوں سے اپیل کی کہ وہ صرف مطلع شدہ سرکاری ذرائع سے ہی اپنے آپ کو رجسٹر کریں اور ان مجرموں کے ہاتھ میں نہ آئیں۔ادھرکٹھوعہ کے ڈپٹی کمشنر راکیش منہاس نے فرضی رجسٹریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے گزشتہ دو دنوں میں کٹھوعہ ضلع میں تقریباً 66 فرضی رجسٹریشنوں کا پتہ لگایا ہے۔انکاکہناتھا”ہم نے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ تاہم ہم یاتریوں کو پریشان نہیں کر رہے ہیں۔ ہم درشن کے لیے ترجیحاً اسی تاریخ کو تازہ رجسٹریشن حاصل کرنے میں ان کی مدد کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، ہم نے دہلی میں دو ٹور اور ٹریول ایجنسیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے‘‘۔قبل ازیں ڈی آئی جی شکتی پاٹھک نے کٹھوعہ کا دورہ کیا اور محکمہ پولیس کے ساتھ میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاٹھک نے کہا کہ پولیس نے ان ملزمین کے خلاف تین ایف آئی آر درج کی ہیں جنہوں نے امرناتھ یاتریوں کو فرضی رجسٹریشن فراہم کی تھی۔انکاکہناتھا”انتظامیہ کامیابی سے جعلی رجسٹریشن کا پتہ لگانے میں کامیاب رہی ہے۔ ایک پیغام ضرور جانا چاہیے کہ یاتریوںکو ٹور اینڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے گمراہ نہ کیا جائے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم،ہم یاتریوںن کی ہراسانی سے بچنے کے لیے سہولت فراہم کرتے ہیں (انہیں تازہ رجسٹریشن فراہم کرکے)‘‘۔انہوں نے کہا کہ فرضی رجسٹریشن کا پتہ لگانے کے سلسلے میں سانبہ، کٹھوعہ اور جموں میں ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ملک مخالف سرگرمی سے بچنے کے لیے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “یاتریوں کو محفوظ علاقوں میں تمام سہولیات میسر ہیں۔”اب تک حکام نے گزشتہ دو دنوں میں جموں خطہ کے تین اضلاع میں 434 فرضی رجسٹریشنوں کا پتہ لگایا ہے۔ کل، جموں میں حکام کے ذریعہ 300 جعلی رجسٹریشن پرمٹوں کا پتہ چلا، ضلع سانبہ کے چیچی ماتا مندر میں 68 اور کٹھوعہ ضلع میں 66 جعلی پرمٹوں کا پتہ چلا۔ان تمام معاملات میں، متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، اور دہلی، اتر پردیش اور دیگر علاقوں میں پولیس ٹیموں کو بھی ٹور اینڈ ٹریول ایجنسی کے لوگوں کو گرفتار کرنے کے لیے چوکنا کر دیا گیا ہے جنہوں نے آنے والے زائرین کو یہ جعلی پرمٹ/رجسٹریشن فراہم کیے تھے۔
شیو سینا فرضی رجسٹریشن پربرہم
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//شیو سینا (یو بی ٹی) جموں و کشمیر یونٹ نے امرناتھ یاترا میں فرضی رجسٹریشن پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے، ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے پر زور دیا ہے، اور رجسٹریشن کی وصولی کے تئیں ہٹ دھرمی کے رویے کے لیے حکومت اور امرناتھ شرائن بورڈ کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں ریاستی سربراہ منیش ساہنی نے کہا کہ شیو سینا مسلسل رجسٹریشن فری یاتراکرنے کا مطالبہ کر رہی ہے، لیکن حکومت اپنا ضدی رویہ اپنائے ہوئے ہے، آن لائن رجسٹریشن کے لیے مسافروں سے 220/- روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے بولے بابا کے درشن کے لیے آنے والے عقیدت مندوں پر اضافی بوجھ ڈالا گیا ہے، جعلساز بھی سرگرم ہو گئے ہیں۔ ساہنی نے عقیدت مندوں سے امرناتھ شرائن بورڈ کی ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کرانے کی اپیل کی۔ ساہنی نے محکمہ پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دھوکہ بازوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے اور اس کا شکار ہونے والے عقیدت مندوں کو فوری طور پر رجسٹر کرکے بھولے بابا کے درشن کی اجازت دی جائے اور رجسٹریشن کو مکمل طور پر مفت بنایا جائے۔