عمان // اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم اور فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’باطل‘ قرار دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق عمان میں شاہی دیوان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اردن فلسطینیوں کے تاریخی حقوق اور دیرینہ مطالبات کی حمایت جاری رکھے گا۔ القدس کے بارے میں امریکی صدرکا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ اردن کی حکومت مشرقی بیت المقدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کی مساعی جاری رکھے گی۔قبل ازیں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے عمان میں اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت بنائے جانے کے اعلان اور اس کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔