افروٹ گلمرگ کی پہاڑی پر ہلکی برفباری سے سیاح محظوظ | وادی میں بارشوں سے گرمی کازورٹوٹ گیا

ٹنگمرگ+سرینگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق اتوار صبح کو سرینگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں جم کر بارش ہوئی جس کی وجہ سے گرمی کازورٹوٹ گیااور لوگوں نے راحت محسوس کی،اس دوران گلمرگ کی افروٹ پہاڑی پردوپہر کو ہلکی برفباری ہوئی جسے سیاح محظوظ ہوئے۔ بارش سے ندی نالوں اور دریائوں و جھیلوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے کسان و زمیندار وں کے چہروں پر بھی خوشی ظاہر ہوئی۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق 14اور 15اگست کی درمیانی رات سے موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی جس کے ساتھ ہی شہر سرینگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں بارشیں ہوئی ۔ اتوار کی صبح سے ہی شہر سرینگر اور وادی کے دیگر اضلاع میں بارشیں ہوئی اور بارشوں کا سلسلہ دو پہر تک جاری رہا ۔ اتوار کی صبح سے ہی ابر آلود موسم کے بیچ جم کر بارشیں ہوئی ۔ بالائی علاقوں خاص طور پر مشہور سیاحتی مرکز گلمرگ اور دیگر کئی مقامات پر ہلکی بارشیں ہوئی ۔وادی کے شمال و جنوب میں واقع دیگر اضلاع میں بھی تازہ بارشیں ہوئی ۔ مجموعی طور پر پوری وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں سے رات کے درجہ حرارت میں کمی ہوئی۔ عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ کی افروٹ پہاڑی پر اتوار دوپہر کو موسم ابرآلوادہ ہونے کے ساتھ ہی ہلکی برفباری شروع ہوئی جو قریب دس منٹ تک جاری رہی ۔ادھر بیرون ریاست کے سیاح جو گنڈولہ لفٹ کے ذریعے افروٹ پہاڑی پر برفباری کے وقت موجود تھے، نے زبردست خوشی کا اظہار کیا ۔دہلی کے ایک سیاح جوڑے انیل اور دیپا نے بتایا کہ وہ گلمرگ کی سیر تفرع کو پہلی بار آئے ہیں اور ان کی خوش قسمتی سے افروٹ پہاڑی پر برف باری شروع ہوئی ، جس کا انہوں نے قریب سے مشاہدہ کیا جبکہ دوسرے سیاحوں نے بھی برفباری ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ۔ادھر ٹنگمرگ کے آس پاس لوگوں نے سردی محسوس کی۔(مشمولات سی این آئی)