عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کولوک بھون سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی اور جاری نشا مکت جموں کشمیر ابھیان کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس سے قبل اتوار کی صبح ایل جی نے جموں و کشمیر میں نشہ مخالف مہم کی سب سے بڑی تقریب کی قیادت کی اور وادی کشمیر میں انسداد منشیات مہم کا آغاز کیا۔ایل جی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں چیف سیکریٹری کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔میٹنگ کے دوران ایل جی کو پولیس کی جانب کی کی جارہی کارروائیوں کے بارے میں تفاصیل سے آگاہ کیا گیا۔
انہیں بتایا گیا کہ اب تک این ڈی پی ایس ایکٹ اور متعلقہ قوانین کے تحت 378 مقدمات درج کیے گئے جن میں 431 منشیات فروشوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔پولیس نے 478 کلو گرام نشہ آور ادویات، 13,427 ٹیبلز، کیپسول اور سائیکوٹراپک مادوں کی بوتلیں ضبط کیں جن کی کل تخمینہ مالیت تقریبا سات کروڑ روپے ہے۔ 16 منقولہ اور 17 غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی گئیں۔ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے 88 ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیے گئے، 19 گاڑیوں کی رجسٹریشن بھی منسوخ کر دی گئی۔ ایل جی حکام کو ہدایات دیں کہ 30دن کے ابتدائی مرحلے میں منشیات کی کمر توڑنی ہے اور اسکے بعد آرام سے نہیں بیٹھنا ہے جب تک نہ اس لعنت کو ختم کیا جاسکے۔