جموں //انفارمیشن ٹیکنالوجی، تکنیکی اور اعلیٰ تعلیم کے وزیرعمران رضا انصاری نے ریاست میں ماہرین تعلیم سے کہا ہے کہ وہ مشترکہ طور تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے لئے اپنی کوششوں میں تیزی لائیں۔وزیر موصوف یہاں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران محکمہ اعلیٰ تعلیم کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے تھے۔ میٹنگ میں کالجوں کے سربراہاں اور سنئیر افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے پرنسپلوں سے کہا کہ وہ ریاست کے ہر علاقے میںاور ہر سطح پر تعلیمی نظام کا معیار بہتر بنانے کے لئے تمام تر کوششیں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی کالجوں کے سربراہوں کو ملک کے معروف اداروں کے ساتھ رابطہ قائم کر کے ریاست جموں وکشمیر کے تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے امکانات تلاش کرنے چاہئیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ تعلیم موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس شعبۂ سے وابستہ ہر فرد کے ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے فرائض تندہی اور دیانتداری سے انجام دے۔ وزیر نے کہا کہ اس مقصد کے لئے والدین، اساتذہ اور مقامی رکن قانون سازیہ کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے تا کہ اس اہم شعبۂ کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔دریں اثنا وزیر نے پرنسپلوں کے سات بات چیت کی اور ان سے اعلیٰ تعلیم میں بہتری لانے کے لئے اُن کی تجاویز طلب کیں۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف اداروں میں جاری پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کرنے کے اقدامات کریں۔