اسلامی نظام میں ہی جملہ مسائل کا حل موجود:امیر جماعت

 سرینگر//امیر جماعت اسلامی جموں و کشمیر غلام محمد بٹ نے جملہ مسلمانان عالم علی الخصوص اسلامیان جموں وکشمیر کو عید مبارک پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ’ میری مخلصانہ دعوت ہے کہ جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرکے، اسلام کے نظام رحمت کے قیام میں اپنا عملی تعاون فراہم کر کے خیر الدّارین حاصل کریں‘۔ اپنے عید پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ اسلام جہاں حقوق اللہ کی نشاندہی کر کے ان کی ادائیگی کی تلقین کرتا ہے، وہیں حقوق العباد کی تفصیلات کی آگہی فراہم کر کے ان کو ادا کرنے پر زور دیتا ہے، اسی طرح اسلام معاشی، معاشرتی، عائلی، سیاسی اور سماجی امور سے متعلق رہنمایانہ اصول فراہم کرتا ہے اور اُن کو عملانے کو بھی لازمی قرار دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی نظام میں ہی انسانیت کے جملہ مسائل کا عادلانہ حل موجود ہے اور اسی نظام کو قائم کرنے کی خاطر جدوجہد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔امیر جماعت کے مطابق جماعت ا سلامی نے اس واسطے ’اقامت دین‘ کو اپنا نصب العین قرار دیا ہے اور اسی نصب العین کے حصول کی خاطر پُر امن جمہوری جدوجہد میں مشغول ہے۔