پونچھ//چہلم امام حسین علیہ اسلام کی مناسبت سے عترت سوسائٹی موہری گورسائی کے زیر اہتمام مجلس عزا کا اہتمام عزاخانہ زہرا ؑ مسجدزہرا سلام اللہ میں صبح11بجے کیا گیا جہاں فلسفہ شہادت امام حسین پر مقررین نے روشنی ڈالی اور ثناء خواں حضرات نے نعت وسلام، منقبت اور نوحوں کے نذرانے بارگاہ امام عالی مقام میں پیش کئے ۔ بعدنمازظہرین وہیں سے جلوس علم ِ مبارک بر آمد کیا گیا جو مقامی راستوں سے ہواتا ہوا امام بارگاہ امام محمدباقرؑمیں اختتام پذیر ہوا۔جلوس عزا کے دوران پونچھ، منڈی، ساتھرہ، پلیرہ،بانڈی چچیاںِ ،دیگوار،گلپور،منگناڑ،سرنکوٹ، مینڈھر سانگلہ اور ضلع پونچھ کے دیگر علاقہ جات کی انجمنوں کے ماتمی دستوں نے شرکت کی۔اس دوران سیاہ لباس میں ملبوس عزاداروں نے اپنے سروں پر پٹیاں باندھ رکھی تھی جن پر یاحسین ، یارسول اللہ تحریر کیا گیا تھا۔جلوس عزا کے دوران ماتمی نوحوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں سے امریکہ، اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کر کے وقت کے یزیدوں پر لعنت کی اور لبنان، سیریا، برما اور دوسرے ممالک میں ہورہے ظلم و ستم کے خلاف اپنی برہمی کا اظہار کیا۔دوران جلوس علمائے کرام نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ سن61 ہجری کو واقعہ کربلا میں امام حسینؑ اور آپؑ کے اصحاب کی شہادت کا چالیسواں دن ہے جو ہر سال 20 صفر کو منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہامشہور تاریخی اسناد کے مطابق اسیران کربلا بھی شام سے رہا ہو کر مدینہ واپس جاتے ہوئے اسی دن یعنی 20 صفر سنہ 61 ہجری کو امام حسینؑ کی زیارت کے لئے کربلا پہنچے تھے۔اسی طرح جابر بن عبداللہ انصاری بھی اسی دن امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے لئے آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں شیعیان اہل بیت ؑاس روز عزاداری کرتے ہیں۔ انہوں ںے کہا امام حسین ؑکی قربانی نے ہی اسلام کو حیات دی ہے۔ انہوں نے کہا امام عالی مقام کے چاہنے والے دنیا کے ہر مسلک میں پائے جاتے ہیں لیکن امام حسین ؑان لوگوں کو چاہتے ہیں جو خدا وند کریم کے فرما بردار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے شہادت احکامات خداوندی کے رائج ہونے کے سلسلے میں پیش کی اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم احکامات پر عمل پیرا رہیں۔ عترت سوسائٹی کے صدر سید عظمت حسین جعفری نے جلوس کے اختتام پر تمام شرکاء جلوس عزا ء اور انتظامیہ کا تشکر بجالایا۔