عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور// امرناتھ یاترا کے پہلے قافلے کا ضلع انتظامیہ ادھم پور کی جانب سے کالی ماتا مندر ٹکری پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی ادھم پور۔ریاسی رینج شیو کمار، ڈپٹی کمشنر ادھم پور منگا شیرپا، ایس ایس پی امرت پال سنگھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پریم سنگھ، ایڈیشنل ایس پی سندیپ بھٹ، اے سی آر ڈاکٹر امیش شان سمیت دیگر افسران، معزز شہریوں اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے یاتریوں کا خیرمقدم کیا۔ضلع کے اطلاعات اور محکمہ تعلیم کی جانب سے ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا، جس میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول، سینک کوآپریٹو پبلک ہائی اسکول ٹکری اور برائٹ کیریئر اکیڈمی گڑھی کے طلبہ نے خصوصی ثقافتی پروگرام پیش کیے، جنہیں یاتریوں اور حاضرین نے خوب سراہا۔حکام نے یاتریوں سے اپیل کی کہ وہ یاترا کے دوران حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہیں بیس کیمپ اور دیگر انتظامات کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔