جموں // کثیر اللسانی ادبی تنظیم ادبی کُنج جے اینڈ کے جموں کے زیراہتمام جموں میں یوُمِ قہقہہ کے موقعہ پر ایک رنگا رنگ ادبی محفل کا انعقاد ہوُا۔ جِس گُدگُداتی ادبی نِشست کی صدارت کے فرائض اِس بار سرکردہ صحافی شاعر ادیٖب اور تنظیم کے چئیرمین آرشؔ اوم دلموترہ نے سر انجام دِئے۔جبکہ جانے پہچانے شاعرو دانشور اشوک شرما مہمانِ خاص تھے۔نِشست کی نظامت کے فرائض گلو کار شاعروید اُپلؔ نے سر انجام دِئے۔ نِشست کے آغاز میں چئیرمین آرشؔ دلموترہ نے صدرِتنظیم شام طالب ؔ کو اُن کی شادی کی پچاسویں سالگرہ پر اپنی اور تنظیم کی طرف سے دَلی مُبارکباد پیش کی۔اِس موقعہ پر تمام ممبران نے شام طالبؔ اور اُن کے کُنبہ کے سبھی اراکین کومُبارکباد دیتے ہوئے اُن کی صحت مندی اور طویل عُمر کی دُعا کی۔ شام طالبؔ نے سبھی دوستوں کا دِلی شُکریہ اداکِیا۔ اِس کے بعد’یوُمِ قہقہہ‘ کے موقعہ پرسبھی حضرات نے اپنے اپنے انداز سے اِس دِن کی اہمیّت اور ضرورت پر زور دِیا۔ اِس موقعہ پر نِشست میں شامل شعراء حضرات نے مختلف رنگوں کے ادبی اور سماجی لطائف سُنا کر محفل کو گُدگُدایا۔ اِسی دِن کے حوالہ سے آرشؔ دلموترہ نے ایک خصوصی اُردوُ پیپر’صحت مند زندگی کا راز ہنسی اور خوشی‘ پڑھ کر حاضرین کو محظوظ کِیا ۔اِ س نِشست کا ایک خوشگوار پہلوُ یہ بھی تھا کہ آج کے سرُمئی دوَر میں گلو کا ر چمن سگوچ نے دو مزاحیہ گیٖت گا کر ماحول کو کھِلکھِلا دِیا۔نِشست کے آخری دوَر میںایک تعزیاتی قرار دادبھی پیش کی گئی۔جِس میںسرکردہ ہِندی روزنامہ ’پنجاب کیسری‘ کے سینئر فوٹو جرنلسٹ پریم گُپتا کی بے وقت وفات پر گہرے رنج و الم کا اِظہار کرتے ہوئے اُن کی روُح کی تسکین کیلئے دو مَِنٹ کی خاموشی اِختیار کی گئی۔ اِس نِشست میں شامل کُچھ قلمکاروں کے اِسمائے گرامی اِس طرح ہیں۔ آرشؔ دلموترہ ، سنتوش شاہ نادانؔ، سرور چوہان حبیٖبؔ، چمن سگوچ، اشوک شرما، بِشن داس خاکؔ، محمّد باقر صباؔ،ویدؔ اُپّل، راجؔ کمل، دیپک بہاری، ایس کے گُپتا، سنجیو کُمار ، راجیو کُمار اور شام طالبؔ۔نشست کا اِختتام حسبِ معمول آرشؔ دلموترہ چیئرمین کی طرف سے پیش کردہ شُکریہ کی تحریک سے ہُوا۔