عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے23مارچ تک موسم کے بارے میں جانکاری دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق13-14 مارچ کو موسم عام طور پر خشک رہے گا۔ 15-16 مارچ کو ابر آلود موسم کے درمیان رات کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش/برفباری صبح تک بہت سی بکھرے جگہوں پر ہوسکتی ہے۔ 17ویں رات اور18ویں صبح تک الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش/برفباری کے ساتھ عام طور پر موسم ابر آلود رہے گا۔ 19-20 مارچ کوعام طور پر ابر آلود اور ہلکی سے درمیانی بارش/برفباری کے امکانات ہیں۔21-23 مارچ کو عام طور پر خشک موسم رہے گا۔اس دوران جمعرات کو کئی مقامات پر ہلی بوندا باندی ہوئی اور شام کو تیز ہوائیں چلیں۔
محکمہ موسمیات پہلے ہی پیشگوئی کی گئی کہ خراب موسمی صورتحال کے درمیان تیز ہوائیں چلیں گی، بالائی علاقوں میں کہیں کہین ہلکی برفباری اور مدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔شہر سرینگر میں جمعرات کی صبح بارش ہوئی اور دن میں بھی بوندا باندی جاری رہی۔ شام کے وقت تیز ہوائیں بھی چلیں۔اس سیزن میں سردیوں کا بنیادی دورانیہ دسمبر 2025 سے فروری 2026 تک بارش میں 65 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ خطے میں دسمبر-فروری 2025-26 کے دوران 284.9 ملی میٹر کے معمول کے مقابلے میں صرف 100.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔دسمبر میں 59.4 ملی میٹر کے معمول کے مقابلے میں 13 ملی میٹر کی بارش ہوئی، جو کہ 78 فیصد کی کمی تھی۔جنوری میں 95.1 ملی میٹر کے معمول کے مقابلے میں 73.4 ملی میٹر کا حقیقی مشاہدہ کیا گیا، جو کہ 23 فیصد کی کمی ہے۔جب کہ جنوری میں کچھ ویسٹرن ڈسٹربنس سرگرمیاں دیکھی گئیں اوربارشیں اب بھی معمول سے کم تھیں اور دسمبر کی کمی کو پورا نہیں کر سکتی تھیں۔فروری میں، بارش 130.4 ملی میٹر کے معمول کے مقابلے میں صرف 14.2 ملی میٹر تھی، جو کہ 89 فیصد کی کمی تھی۔