سوپور//شمالی قصبہ سوپور کے آرم پورہ سے براٹھ کلان تک رابطہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو عبورومرور میں مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس رابطہ سڑک کی حالت اس قدر خستہ ہوچکی ہے کہ گاڑیوں میں سفر کرنا دور کی بات پیدل چلنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ اس رابطہ سڑک پر 12سال قبل میکڈم بچھایا گیا تھا تاہم تب سے لیکر آج تک اس کی مرمت نہیں کی گئی۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ گزشتہ سال سڑک کی کشادگی اور مرمت کا کام شروع ہوا تھا مگر بعد میں نا معلوم وجوہات کی بناء پرنامکمل ہی چھوڑ دیا گیا۔ ابرہیم کالونی آرمپورہ کے ایک باشندے جاوید احمد سیرو نے بتایا کہ اس سڑک کے بیچوں بیچ گہرے کھڈ بن چکے ہیں اور معمولی بارشوں کے ساتھ یہ سڑک جھیل کا منظر پیش کرتی ہے۔اس رابطہ سڑک پر ٹریفک کی نقل وحرکت بھی سڑک کی خستہ حالی سے کم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ہم نے کئی مرتبہ محکمہ آر اینڈ بی سوپور کواس سڑک کی طرف توجہ دینے اور مرمت کرنے کی مانگ کی مگر جھوٹی تسلیوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا‘‘ ۔مقامی لوگوں نے ایک بار پھر ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ سڑک کی مرمت عمل میں لانے کے علاوہ اس پر میکڈم بچھایا جائے تاکہ لوگوں کو راحت ملے۔
آرم پورہ براٹھ کلان سڑک خستہ حال
