بارباڈوس/یو این آئی/ ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ نے کہا کہ ان کی ٹیم میں منفی حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت ہے اور ٹیم ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے آخری چند میچوں کا ہر طرح سے جائزہ لے رہی ہے ۔ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کے پہلے سپر ایٹ میچ سے قبل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دراوڑ نے کہاکہ “ہمارے پاس جس طرح کا تجربہ ہے ، مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس منفی حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت ہے ۔ تاہم، اس کے علاوہ ہم یہاں کھیلے گئے آخری چند میچوں اور یہاں کتنے اسکور کیے گئے اس کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فاسٹ بولرز کو کتنی سوئنگ مل رہی ہے ؟ اسپنرز کتنا ٹرن لے رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ کرکٹ میں حالات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ ان چند کھیلوں میں سے ایک ہے جہاں سطح ایک اہم کردار ادا کرتی ہے اور بہت بڑا فرق لاتی ہے ۔ ہر وکٹ حیدرآباد کی طرح نہیں ہے اور نہ ہو سکتی ہے ۔ میرے خیال میں ہم فیصلے لینے اور حالات کو بہتر طور پر سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔” انہوں نے کہاکہ “لیکن ہمیں اپنے کان بھی کھلے رکھنے ہوں گے ۔ آپ کے پاس اعدادوشمار ہو سکتے ہیں، آپ کے پاس ڈیٹا ہو سکتا ہے لیکن کسی خاص دن کے حالات آپ کی توقع سے مختلف ہو سکتے ہیں۔