ٹنگمرگ+پونچھ// گلمرگ اور پونچھ سیکٹروں میں حد متارکہ پر بجلی گرنے کے 2واقعات میں 2فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 2دیگر شدید طور پر زخمی ہوئے۔ گلمرگ سیکٹر میں تعینات فوج کے 11گڈوال سے وابستہ 23سالہ اہلکار اگلی چوکی بجلی گرنے سے لقمہ اجل بن گیا۔ یہ واقعہ جمعرات کی شام دیر گئے گنیش پوسٹ پر پیش آیا جب موسم زبردست خراب ہوگیا اور اسی دران گرج چمک کیساتھ بجلی گری جس کے نتیجے میں رائفل مین مندیپ سنگھ نیگی ساکن اترا کھنڈ موقعہ پر ہلاک ہوگیا ۔فوجی اہلکار کی لاش ٹنگمرگ سب ڈسٹرکٹ اسپتال لائی گئی جہاں ضروری قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کرنے کی غرض سے فوجی ہیڈ کوارٹر سرینگر روانہ کیا گیا۔اس ضمن میں پولیس نے 174 آئی پی سی کے تحت کیس درج کیا ہے۔ادھر سرحدی ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرل پر ساوجیاں سیکٹر میں اسی طرح کے واقعہ میں ایک فوجی اہلکار خالصہ دوم پوسٹ پر بجلی گرنے سے ہلاک ہوا۔ مذکورہ اہلکار دوران ڈیوٹی پوسٹ سے باہر کھڑا تھا تو بجلی اس پر گری اور وہ موقعہ پر ہی ہلاک جبکہ اس واقعہ میں دو دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔مذکورہ اہلکار 40 آر آر سے وابستہ تھا جس کی شناخت رائفل مین سندیپ سنگھ کے طور پر ہوئی۔ ؎ واقعہ میں دو دیگر اہلکار زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاںان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ پولیس تھانہ منڈی نے بتایا کہ دونوں زخمیوںکو ہسپتال پہنچایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔