جموں//چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ڈپٹی کمشنروں اور ضلع پولیس سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ جموں کشمیر میں تمام 77 ریڈ زونوں میں پابندیوں کا سلسلہ سختی سے جاری رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ نشاندہی کئے گئے علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن اور ریڈ زونوں میں لوگوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ ان باتوں کا اظہار چیف سیکریٹری نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ دونوں صوبوں کے کمشنروں ، کشمیر اور جموں کے آئی جی پیز ، آئی جی پی ٹریفک ، تمام ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پیز اور سی ایم اوز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ چیف سیکریٹری نے جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری میں کورونا وائیرس کے پھیلاؤ سے پیدا شدہ صورتحال کا جائیزہ لینے کے دوران ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بیماری کا روکتھام یقینی بنانے کیلئے ان علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن جاری رکھیں ۔ ضلع انتظامیہ ضلع پولیس کے اشتراک سے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ لوگوں کی نقل و حرکت پر پوری طرح پابندی لگائی جائے ۔ چیف سیکریٹری نے گھر گھر فیومی گیشن جاری رکھنے اور محکمہ صحت کی طرف سے ریڈ زونوں میں رہنما خطوط کے نظام کو استحکام بخشنے کی بھی ہدایات دیں تا کہ وائیرس کے پھیلنے کا عمل روکا جا سکے تا ہم ریڈ زونوں میں رہنے والے لوگوں کیلئے اشیائے ضروریہ کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کو چاہیے کہ وہ ان علاقوں میں لوگوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک منصوبہ ترتیب دیں ۔ طبی سیکٹر سے تعلق رکھنے والے افراد کو علیحدہ رکھنے پر زور دیتے ہوئے چیف سیکریٹری نے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ ڈاکٹروں و دیگر عملے کو سروے سے متعلق کاموں میں مصروف نہ کریں بلکہ انہیں اپنی طبی خدمات جاری رکھنے کا موقعہ دیں انہوں نے کووڈ 19 کا مقابلہ کرنے کیلئے ’’ آروگیہ سیتو ‘‘ ایپ کا استعمال کرنے کی بھی ہدایات دیں ۔ کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے مدِ نظر چیف سیکریٹری نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ آئسو لیشن اور کرنٹین بستروں کی تعداد میں اضافہ کریں ۔ چیف سیکرٹری نے ہدایات جاری کیں کہ اشیائے ضروریہ کی سپلائی میں باقاعدگی لائی جائے اور اس سلسلے میں جواہر ٹنل کے دونوں اطراف چیک پوائنٹ قائم کئے جائیں ۔ چیف سیکرٹری نے پونچھ اور شوپیاں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ مغل روڈ پر اسی طرح کے چیک پوائنٹ قائم کرنے کیلئے ایک منصوبہ بنائیں۔