سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج 75ویں15اگست منانے کے سلسلے میں محکمہ تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( ایس ڈی ڈی ) کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے مشیر بھٹناگر نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تمام اِداروں میں تقریبات کے اِنتظامات کو پہلے سے بہتر بنائیں ۔اِس کے علاوہ اَفعال کے کامیاب اِنعقاد کے لئے درکار دیگر لاجسٹک مواد بھی تمام اِداروں میں بروقت دستیاب ہے۔مشیر موصوف نے کہا کہ امسال 75 واں 15 اگست ایک خاص اہمیت کا حامل ہے اور اس لحاظ سے قوم اسے ’’آزادی کا امرت مہااُتسو‘‘ کے طور پر منارہی ہے۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام اِداروں میں تقریب کو قومی ترانہ گانے اور قومی پرچم لہرانے کے ساتھ منائیں۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ تمام اِداروں میں اس اہم دن کو مناتے ہوئے کووِڈ ایس او پیز اور پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے۔مشیر موصوف نے پہلے ہی پورے جموں و کشمیر کے اداروں کی صفائی ستھرائی پر زور دیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام اداروں میں صفائی ستھرائی کی خصوصی مہم چلائیں تاکہ یہ اہم تہوار وقار اور پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے۔مشیر بھٹناگرنے ملک کی ترقی میں تکنیکی اداروں کے کردار کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اہم ادارے ہمارے نوجوانوں کی ہنر مندی کے لئے مفید اور مؤثر ہیں جو ہماری قوم کی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ اس اہم دن ان تکنیکی اداروں کی تشہیر کی جائے۔ اِس کے علاوہ بیداری کیمپ بھی ہفتے کے دوران لگائے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ان اداروں کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔