یو این آئی
نئی دہلی // اترپردیش کے متھرا میں دہلی۔آگرہ ایکسپریس وے پرمنگل علی الصبح خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں یکے بعد دیگرے 7 بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے بعد بسوں میں آگ لگ گئی جس میں کم از کم 13لوگوں کی موت ہوگئی، جبکہ 25 دیگر زخمی بتائے جارہے ہیں۔واردات کے بعد پورے علاقے میں افراتفری مچ گئی اور لوگوں میں چیخ و پکار کے درمیان امدادی کام انجام دیا گیا۔موقع پرموجود ایک چشم دید نے بتایا کہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا، جب تصادم کے بعد بسوں میں آگ لگ گئی۔ چشم دید نے بتایا کہ جس وقت ٹکر ہوئی، وہ بس میں سو رہا تھا۔ بس میں اس وقت کئی مسافر سوار تھے۔ حادثے کے بعد لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والی 7 بسوں میں ایک روڈ ویز بس اور باقی سبھی اسپیکر بسیں ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اورانتظامیہ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اورامدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے لوگوں کو گاڑیوں سے باہر نکالا اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔اس دوران اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہولناک حادثے پردکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسران کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔