عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بھارتی ایئرٹیل، جو صارفین کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کی دوسری سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی اور بھارت کی صفِ اول کی ٹیلی کمیونیکیشن سروس فراہم کنندہ ہے، نے ایک اور اہم سنگ میل حاصل کرتے ہوئے 650 ملین صارفین کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے، ایئرٹیل کے ایگزیکٹو وائس چیئرمین گوپال وٹّل نے کہا’650 ملین صارفین کا سنگ میل حاصل کرنا اور عالمی سطح پر دوسری بڑی کمپنی بننا ہمارے لیے ایک بڑی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے صارفین کی بہتر خدمت کریں‘۔
انہوں نے کہاہمارا مقصد واضح ہے کہ جیسے جیسے ہم اپنی موجودگی کو مزید مضبوط اور وسیع کرتے جائیں گے، ہم جدت، اعتماد اور بہتر صارف تجربے کے معیار کو بلند کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے تاکہ ہر صارف کے ساتھ ہمارا تعلق اعتماد اور قدر پر مبنی ہو۔ 368 ملین سے زائد موبائل صارفین کو خدمات فراہم کرتے ہوئے، ایئرٹیل نے سب سے پہلے 5G پلس سروسز کا آغاز کیا، جو اب ایک مربوط ایکوسسٹم کا حصہ ہیں جس میں ایکسٹریم ایئر فائبر (FWA) اور انٹیگریٹڈ IPTV سروس شامل ہیں۔ ایئرٹیل اس وقت 13 ملین سے زائد گھروں کو ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور 15 ملین سے زیادہ صارفین کو ڈیجیٹل ٹی وی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ 14 ممالک میں 179 ملین سے زائد صارفین کے ساتھ، ایئرٹیل افریقہ موبائل وائس، تیز رفتار ڈیٹا اور بین الاقوامی رومنگ جیسی خدمات فراہم کرتا ہے۔ اپنے علاقائی نیٹ ورکس سے آگے بڑھتے ہوئے، ایئرٹیل یوتیل سیٹ ون ویب اور اسپیس ایکس کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ڈیجیٹل خلا کو کم کر رہا ہے، جہاں لو ارتھ آربٹ (LEO) سیٹلائٹس کے ذریعے دور دراز علاقوں، سمندری اور ہوائی شعبوں کو تیز رفتار اور کم تاخیر والا انٹرنیٹ فراہم کیا جا رہا ہے۔