جموں//مغل روڈ کوچار ماہ بند رہنے کے بعد اتوار کویک طرفہ ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ تاہم مسافروںکو دن کے اوقات میں ہی سفر کرنے کی اجازت ہوگی ۔ٹریفک پولیس کے انسپکٹر جنرل جگجیت کمار کے مطابق مسافروں کی حفاظت کو دھیان میں رکھتے ہوئے بہتر موسمی حالات کے پیش نظر مغل روڈ صبح9بجے سے شام 4 بجے تک ٹریفک کے لئے کھلی رہے گی اور کسی بھی حالت میں رات کے اوقات کے دوران ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوںنے بتایاکہ تمام گاڑیوں کو شام 5 بجے سے پہلے پیر کی گلی کو پار کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ خطہ پیر پنچال کو وادی کشمیر سے ملانے والے واحد مغل روڈ گزشتہ دسمبر کے اواخر میں بھاری برفباری کی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند ہوگئی تھی جس کو پہلے 15اپریل کو بحال کرنے کا اعلان کیاگیاتاہم تازہ برفباری اور بارش کے باعث یہ روڈ اب اتوار کو کھول دی گئی ہے ۔ مغل شاہراہ جموں اور کشمیر صوبوں کے درمیان ایک متبادل شاہراہ بھی ہے ۔اس روڈ پر روزانہ سینکڑوںگاڑیاں چلتی ہیں۔شاہراہ پر دربارمئو کے پیش نظر ایک خاص روٹ پلان بھی ترتیب دیا جارہا ہے۔