شاہپور کنڈی بیراج کو 39کنال اراضی کی منتقلی کا فیصلہ
سرینگر//اِنتظامی کونسل کی میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ایس آر او 43کے تحت کشمیر میں حالیہ تشدد میںہلاک ہوئے اُن متاثرین کے لواحقین کو ایس آر او کے اہلیت کے مطابق اِمداد فراہم کرنے کو منظور ی دی گئی جو جموں وکشمیر کے غیر رہائشی باشندے تھے۔اس سے حکومت ملی ٹنسی سے متاثرہ اَفراد کے اس زمرے کے لوگوں کو نقد معاوضہ فراہم کر ے گی۔ میٹنگ میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر س میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کی چار عدالتیں ضلع سانبہ ، بانڈی پورہ ، گاندربل اور پونچھ میں قائم کرنے کو منظور ی دی گئی ۔چارمنتخب اَضلاع کے نئے کورٹ کمپلیکس میں مختلف زمروں (10فی کس) کی 40 نئی اَسامیاں معرض وجود میں لانے کو بھی منظور ری دی ۔ میٹنگ میں کھیل سٹیڈیم کی تعمیر کے لئے امور نوجوان و کھیل محکمہ کو ضلع کپواڑہ کے تحصیل ولیگام کے گائوں حقانی آباد پنزوہ میں 60 کنال اراضی کو منتقل کرنے کو منظور ی دی۔یہ سٹیڈیم مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ 20 پڑوسی دیہاتوں کے نوجوانوں کی ضروریات کو پورا کرے گا جس سے 20,000 نوجوانوں کو مختلف شعبوں کی کھیل سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔رواںمال سال کے دوران بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے 100 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں محکمہ کو50 لاکھ روپے کی رقم جلد واگزار کروائی جائیگی۔ میٹنگ میں گائوں کٹلے ہار کٹھوعہ میں 39 کنال 10مرلہ اَراضی شاہ پور کنڈی ڈیم سے بسنت پور تک مرکزی راوی کنال کی تعمیر کے لئے محکمہ جل شکتی کو منتقل کرنے کو منظور ی دی گئی۔حال ہی میں شاہ پور کنڈی پروجیکٹ پر حکومت جموںوکشمیر اور حکومت پنجاب نے ایک نئے دو طرفہ معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کا مقصد کٹھوعہ اور سانبہ اَضلاع کی کنڈی بیلٹ میں زرعی تحفظ کو بڑھانے کے لئے یوٹی کو پانی فراہم کرنا ہے۔ میٹنگ میں سڑک شعبے میں بنیادی ڈھانچے کے معیار کو بہتر بنانے اور اثاثوں کی مناسب دیکھ ریکھ کی ذمہ داری طے کرنے کی کوشش میں جموں وکشمیر میں تھرڈ پارٹی کے معائینہ کے رہنما خطوط کے شروع کرنے کو منظور ی دی۔نئے رہنماخطوط پی ایم جی ایس وائی سکیم کے تحت بنائے گئے روڈ نیٹ ورک کے سلسلے میں قائم کردہ ضوابط کے مطابق بنائے گئے ہیں ۔تھرڈ پارٹی انسپکشن سسٹم کے شروع کرنے سے سڑک شعبے میں مختلف پروگراموں اور سکیموں کے تحت اَنجام پانے والے کاموں کے معیار کو جانچ پڑتال کے دائرے میں لایا جائے گا اور مختلف ایجنسیوں کی غیر اور کم کارکردگی کے لئے ذمہ داریاں طے کی جائیں گی۔میٹنگ میں جموںوکشمیر کے 44 پسماندہ بلاکوں کی ترقی کی طرف توجہ مرکوز کرنے کے لئے ’’ ایسپریشنل بلاکس ڈیولپمنٹ پروگرام ‘‘ شروع کرنے کو منظور ی دی گئی۔ایسپریشنل بلاکس ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جن بلاکوں کی نشاندہی کی گئی ہے وہ سب سے پسماندہ بلاک ہیں ۔ پروگرام کا مقصد مختلف سماجی و اِقتصادی پیرا میٹرس جیسے تعلیم ، صحت اور بہبودی ، ترقی اور لوگوں کی مجموعی زندگی کے حالات کو بہتر بنانا ہے ۔