گول//سنگلدان علاقہ میں نیشنل کانفرنس کی جانب سے ایک اجلاس کا انعقاد ہوا ہے جس میں نیشنل کانفرنس کے کار کنان نے کہا کہ پارٹی دفعہ35- اے کا دفاع کرنے کیلئے اپنے مؤقف پر قائم ہے اور دفعہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پورے سب ڈویژن گول میں تعمیرات کی خستہ حالت سے لوگ پریشان ہیں ۔ جہاں سڑکیں ویران کھنڈرات پڑی ہوئی ہیں وہیں دوسرے ادارے بھی سنسان ہیں ۔ اجلاس سے ڈاکٹر شمشادہ شان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گول اور سنگلدان میں بس اسٹینڈ نہیں ہیں اور جو نئے انتظامیہ یونٹ بنے تھے ابھی تک نیابتوں کے لء جگہ بھی نہیں دیکھی گئی ہے یہ کیسی تعمیر و ترقی کا دعویٰ ہے ۔انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ حالیہ دنوں میں کوہلی میں ڈکسر کے ایک نوجوان کی فوج کی جانب سے گولی چلانے سے موت ہوئی ہے۔ اس بارے میںہم نے انتظامیہ کو دو ہفتے کا وقت دیا ہے اور جلد از جلد جو اس میں ملوث ہیں اُن کو پکڑ کر انہیں سزا دی جائے اور جو متاثرین ہیں انہیں ریلیف دیاجائے ۔ شمشادہ شان نے کہا کہ سنگلدان جموں سرینگر ریلوے لائین کا ایک اہم مقام ہے جہاں پر آئے روز آبادی کے ساتھ ساتھ رش بھی بڑھتا ہے اور انتظامیہ کو چاہئے کہ یہاں پر ایک بس اسٹینڈ کی تعمیر کی جائے کیونکہ آنے والے وقت میں یہ ریلوے لائن کا اہم پوائنٹ ہو گا ۔انہوں نے سنگلدان میں ریلوے کی جانب سے سوکھ گئے چشموں پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یہاں پر پانی کی کافی قلت ہوئی ہے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے جلد از جلد اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دلواہ میں کل اعجاز احمد خان ایک سکول کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں گورنر رول میں یہ کیسا ممکن ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ گورنر رول میں اس طرح کی سیاست چمکانے نہیں دیا جائے گا اس کے خلاف احتجاج کیا جائے گا ۔اس موقعہ پر مرد و زن کی کافی تعداد نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔