سمیت بھارگو
راجوری // وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کل ایک دن کے دورے پر جموں پہنچ رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ کے دوران وہ شمالی کمان اور وائٹ نائٹ کارپس کمانڈروں کے ساتھ اہم دفاعی معاملات، ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز،لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور سیکورٹی نیز آپریشنل تیاریوں کے بارے میں گفت و شنید کریں گے۔اسکے علاوہ راجناتھ سنگھ راجوری اور پونچھ کے جڑواں اضلاع کا بھی دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ فوجی افسران اور عام شہریوں سے ملاقات کریںگے۔شہریوں اور فوج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کے سلسلے میں ملاقاتوں کے اس سلسلے کو اہم سمجھا جارہا ہے۔راجناتھ سنگھ راج بھون جموں میں جموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر ایک اہم میٹنگ بھی طلب کریں گے جس میں مجموعی صورتحال کے لئے پولیس، فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کیساتھ تبادلہ خیال کیا جائیگا۔اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں شہری علاقوں کو محفوظ بنانے کے امور بھی زیر بحث آئیں گے۔