عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) کی ایک ٹیم نے منگل کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں ہف شرمال نامی علاقے میں2023میں ایک جھڑپ کے دوران مارے گئے مقامی ملی ٹنٹ جازم فاروق وانی ولد فاروق احمد وانی کے گھر پر چھاپہ مار کر تلاشی کارروائی انجام دی۔ایس آئی اے نے یہ کارروائی ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 14.2023 کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی، جو پولیس اسٹیشن لتر، پلوامہ میں درج ہے۔ مذکورہ کیس تعزیرات ہند کی دفعات 302 اور 120، آرمز ایکٹ کی دفعات 7/27 اور یو اے پی اے کی دفعات 16، 20،23 اور 38 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملی ٹنٹ جازم فاروق وانی کو11 اکتوبر 2023 کو علشی پورہ، شوپیاں میں سکورٹی فورسز کے ساتھ ایک انکاونٹر کے دوران ہلاک کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق چھاپہ کارروائی کے دوران بعض اہم دستاویز اور مواد کی جانچ کی گئی۔ اس دوران کیا کچھ ضبط کیا گیا یا کوئی دستاویز اپنے ساتھ لے گئے،تاہم اس بارے میں ابھی تک کوئی بھی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔واضح رہے کہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) اورقومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے ماضی میں بھی اس طرح کی کارروائیاں انجام دی جا چکی ہیں ،جس دوران ہلاک کیے گئے یا پاکستان اور پاکستانی زیر قبضہ کشمیر میں رہائش پذیر ایکٹیو ملی ٹنٹس کے رہائشی مکانات پر بھی چھاپے مارے گئے اور بعض چھاپوں کے دوران، سیکورٹی ایجنسیز کے مطابق، حساس اور قابل اعتراج مواد کو ضبط کیا گیا ہے۔