یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 19ویں روزگار میلے میں مختلف سرکاری محکموں اور تنظیموں میں 51 ہزار سے زیادہ نئے مقرر ہونے والے نوجوانوں کو تقررنامے تقسیم کریں گے۔ وہ اس موقع پر موجود لوگوں سے خطاب بھی کریں گے۔وزیر اعظم کے دفتر نے جمعہ کو بتایا کہ روزگار کی فراہمی کو ترجیح دینے کے وزیر اعظم کے عزم کے مطابق، روزگار میلہ اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کی ایک اہم پہل ہے۔ روزگار میلہ شروع کیے جانے کے بعد سے ملک بھر میں اب تک 18 روزگار میلوں کے ذریعے تقریبا 12 لاکھ تقررنامے جاری کیے جا چکے ہیں۔انیسواں روزگار میلہ ملک بھر میں 47 مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔ اس میں ملک کے تمام حصوں سے منتخب نئے امیدوار وزارت ریلوے، وزارت داخلہ، وزارت صحت اور خاندانی بہبود، محکمہ مالیاتی خدمات، محکمہ اعلی تعلیم وغیرہ سمیت مرکز حکومت کی مختلف وزارتوں اور محکموں میں اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے۔