نیشنل سیکولر فورم
جموں//نیشنل سیکولر فورم کارکنان نے آج 1966میں قربانی دینے والے طلباء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس سلسلہ میں ان کی یادگار جو کہ سائنس کالج کے باہر بنی ہوئی ہے پر پھول مالائیں بھی چڑھائی گئیں۔ این ایس ایف کے ریاستی نائب صدر پشپندر سنگھ کی قیادت میں بھاری تعداد میں طلباء وہاں پر جمع ہوئے اور ان چار طلاب کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے حق کی جدوجہد کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ اس موقعہ پر مقررین نے قوم کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار رہنے کی تحریک دیتے ہوئے طلباء کو کہا کہ جموں خطہ میں کئی تخریبی طاقتیں سر گرم ہیں جو ان کے حقوق کو سلب کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن انہیں اس بات کی ہر گز بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مقررین میں مشکور الٰہی ، اشتیاق نائیک، وکاس شرما، پرویز جرال، شبھم کیتھ، تشار ڈڈوال، سنیل چودھری، جسپال رانا، پردیپ سنگھ، آرتی ورما، کامیشور رانا، ارون منہاس اور سرجیت کمار وغیرہ شامل تھے۔
یوتھ نیشنل کانفرنس
جموں//یوتھ نیشنل کانفرنس کی طرف سے 1966میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان چار طلباء، گلشن ہانڈا، گورچھرن سنگھ، برج موہن اور سبھاش چندر کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے جموں میں ایک الگ زرعی یونیورسٹی کے قیام کے لئے جد و جہد کے دوران پولیس کی گولیاں کھا کر اس مشن کی آبیاری کی تھی۔ این سی یوتھ کے صوبائی صدر اعجاز جان کی قیادت میں یوتھ نیشنل کانفرنس کے ممبران نے وہاں عہد کیا کہ وہ اپنی جانیں قربان کرنے والے طلباء کے مشن کو جاری رکھیں گے اور جموں کو اس کا حق دلانے کے لئے ہر جدوجہد کرتے رہیں گے۔ اس موقعہ پر ساحل سنگھ جموال نے کہا کہ طلاب کی طرف سے دی گئی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور مستقبل میں جب بھی طلاب کے مسائل اور حقوق کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے کی نوبت آئے گی، ہمارے نوجوان 54برس قبل قائم کی گئی روایت پر چلتے ہوئے اپنی جان دینے سے گریز نہیں کریں گے۔ اس موقعہ پر فرمان ملک اور رتیش نے بھی خطاب کیا۔
بھیم سنگھ وجے جے ایس ایف
جموں//پینتھرز پارٹی کے سرپرست اور جموں کے قدیم ترین سٹوڈنٹ یونین لیڈر پروفیسر بھیم سنگھ نے بدھ کے روز سائنس کالج میموریل پر جا کر 1966میں جموں میں ایک الگ زرعی یونیورسٹی کے قیام کے مطالبہ کو لے کر چلائی گئی صوبہ گیر تحریک کے دوران سرکاری فورسز کی طرف سے چلائی گئی گولیوں کا شکار ہوئے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران گزشتہ روز سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے جموں جوائنٹ سٹوڈنٹس فیڈریشن نے ایک فٹ بال میچ منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس بات کی جانکاری دیتے ہوئے جے جے ایس ایف کے صدر پشویندر سنگھ منہاس نے بتایا کہ اس سے نوجوان طبقہ کو اپنی جانوں کو قربان کرنے والے ان بہادر طالب علموں کے بارے میں نہ صرف واقفیت حاصل ہوگی بلکہ ان کے نقش قدم پر چلنے کی بھی تحریک ملے گی۔ اس موقعہ پر وہان، دیو، شبھم اور ودت نے کہا کہ نوجوانوں کو ان سورمائوں کی طرف سے دی گئی قربانیوں کے بارے میں جانکاری دینے کا یہ بہترین طریقہ ہے اور اس کے ساتھ ہی نئی نسل کو اپنی صلاحیتیں مثبت ڈھنگ سے استعمال کرنے کی بھی ترغیب دی جائے گی ۔