لاکھوں نوجوانوں کو مختلف سرکاری محکموں میں تقرری نامے حاصل :وزیر اعظم
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 18ویں روزگار میلے سے خطاب کیا۔ اس موقع پر مودی نے کہا کہ سال 2026 کا آغاز لوگوں کی زندگیوں میں نئی خوشیاں لانے اور ساتھ ہی شہریوں کو ان کے آئینی فرائض سے مربوط کرکے ہوا ہے۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ یہ دور جمہوریہ کے عظیم تہوار کے ساتھ موافق ہے۔ مودی نے یاد دلایا کہ 23 جنوری کو، قوم نے نیتا جی سبھاش چندر بوس کی یوم پیدائش پر پراکرم دیوس منایا اور 25 جنوری کو نیشنل ووٹرس ڈے منایا جائے گا اور اس کے بعد یوم جمہوریہ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس اہم دن پر 61000سے زائد نوجوان سرکاری خدمات کیلئے تقرری نامے حاصل کر کے اپنی زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں۔
مودی نے ان تقرری ناموں کو قوم کی تعمیر کی دعوت اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تشکیل کو تیز کرنے کا عہد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے نوجوان قومی سلامتی کو مضبوط کریں گے، تعلیم اور حفظانِ صحت کے ماحولیاتی نظام کو بااختیار بنائیں گے، مالیاتی خدمات اور توانائی کی حفاظت کو تقویت دیں گے، اور عوامی شعبے کے اداروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وزیر اعظم نے تمام نوجوانوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ نوجوانوں کو ہنر مندی سے آراستہ کرنا اور انہیں روزگار کے حصول اور خود روزگار پیدا کرنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ مودی نے کہا کہ سرکاری بھرتیوں کو مشن موڈ میں لانے کیلئے روزگار میلہ شروع کیا گیا تھا، جو گذشتہ برسوں میں ایک ادارے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس پہل قدمی کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو مختلف سرکاری محکموں میں تقرری نامے موصول ہوئے ہیں۔ اس مشن کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے، جناب مودی نے روشنی ڈالی کہ ملک بھر میں چالیس سے زیادہ مقامات پر روزگار میلہ منعقد کیا جا رہا ہے اور انہوں نے ان تمام مقامات پر موجود نوجوانوں کو خصوصی طور پر مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا’’ہندوستان آج دنیا کے سب سے نوجوان ممالک میں شامل ہے اور حکومت گھریلو اور عالمی سطح پر نوجوانوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند متعدد ممالک کے ساتھ تجارت اور نقل و حرکت کے معاہدے کر رہی ہے، جس سے نوجوان ہندوستانیوں کے لیے بے شمار نئے مواقع واشگاف ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم تیزی سے توسیع پذیر ہے، تقریباً دو لاکھ رجسٹرڈ اسٹارٹ اپس میں 21لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا نے ایک نئی معیشت کو وسعت دی ہے، جس کے ساتھ ہندوستان اینیمیشن، ڈیجیٹل میڈیا اور کئی دیگر شعبوں میں ایک عالمی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ مودی نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان دنیا کی واحد بڑی معیشت ہے جس نے ایک دہائی میں اپنی جی ڈی پی کو دوگنا کر دیا ہے، اور آج سو سے زیادہ ممالک ایف ڈی آئی کے ذریعے ہندوستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے قبل کی دہائی کے مقابلے میں، ہندوستان نے ڈھائی گنا زیادہ ایف ڈی آئی حاصل کی ہے، اور زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کا مطلب ہے ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے زیادہ مواقع پیدا ہوئے ہیں۔