سرینگرلداخ شاہراہ اور بانڈی پورہ گریز روڑ کوکھول دیا گیا
سرینگر// جموں و کشمیر میں 20جنوری تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 15جنوری تک کم سے کم موسم میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اوراس دوران شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج کمی آئے گی اور ٹھنڈ میں یقینی طور پر اضافہ ہوگا البتہ دن قدرے گرم رہیں گے کیونکہ دھوپ کھلی رہنے کا زیادہ امکان ہے۔ جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں درمیانے درجے کی دھند جاری رہنے کا امکان ہے۔سال نو کی آمد پر برفباری کے بعد جمعہ کو گلمرگ سب سے سرد مقام رہا جہاں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آسمان صاف رہنے کی وجہ سے وادی میں زیادہ تر مقامات پر رات کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعرات کی رات سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ رات کے 2.2 ڈگری سیلسیس سے کم تھا۔ پہلگام میں منفی 6.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قاضی گنڈ میں پارہ منفی 1.2 اور کوکرناگ میں منفی 0.5 اورشمالی کشمیر کے کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 5 جنوری تک موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ 6جنوری کو وسطی اور شمالی کشمیر میں الگ تھلگ اونچے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے اور موسم ابر آلود رہے گا۔موسمیاتی اشارے فی الحال اگلے 10 سے 15 دنوں میں جموں اور کشمیر پر کسی مضبوط یا فعال مغربی ڈسٹربنس کی آمد کا اشارہ نہیں دے رہے ہیں۔ خاص طور پر پہاڑی اور سرحدی علاقوں میں، ہلکی برفباری یا بارش کا مختصر دورانیہ ہوسکتا ہے۔ادھربانڈی پورہ گریز روڈ کو گریز سائیڈ سے ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔حکام نے جمعہ کو گریز سائیڈ سے بانڈی پورہ گریز روڈ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کو بحال کیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ موسم میں بہتری اور ضروری کلیئرنس کے کام کی تکمیل کے بعد، گریز کی طرف سے بانڈی پورہ کی طرف گاڑیوں کی کنٹرول نقل و حرکت کی اجازت دی گئی۔ادھر4روز بعد لداخ شاہراہ کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ جمعہ کے روز شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا گیا، جس کے بعد گاڑیوں کوق منی مرگ سے سونہ مرگ کی طرف جانے کی اجازت دی گئی تاہم سونمرگ سے کرگل کی طرف کسی گاڑی کو نہیں چھوڑا گیا۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ موسم ٹھیک رہنے کی صورت میں سنیچر کو کرگل کی طرف ٹریفک چھوڑا جائیگا۔