عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ نے انتظامیہ کے مفاد میں 12 جوڈیشل افسران کے تبادلے اور تعیناتی کا حکم دیا ہے۔آرڈر نمبر 651 آف 2026/RG مورخہ 4 مئی کو رجسٹرار جنرل کی طرف سے جاری کیا گیا ہے، کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں رینو ڈوگرا، پرنسپل جج، فیملی کورٹ، سری نگر، کا جموں میں فاسٹ ٹریک کورٹ (POCSO) کے پریزائیڈنگ آفیسر کے طور پر تبادلہ شامل ہے۔مہرین مشتاق کو فیملی کورٹ سری نگر کی نئی پرنسپل جج کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔سندیپ گنڈوترا کو لیبر اینڈ انڈسٹریل ٹریبونل، جے کے کے پریزائیڈنگ آفیسر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے، جب کہ منوج پریہار کو ون مین فاریسٹ اتھارٹی کے طور پر منتقل کیا گیا ہے۔
ایک اور بڑی تبدیلی میں احسن اللہ پرویز ملک کو پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پونچھ سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بانڈی پورہ تبدیل کر دیا گیا ہے ۔مجسٹریٹ سطح پر، تبسم چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر کو ہائی کورٹ ونگ، سری نگر میں سب جج کے طور پر تعینات کیا گیا ہے، جب کہ توصیف احمد ماگرے کو نیا چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر مقرر کیا گیا ہے۔آرڈر میں شفیق احمد اور عاصمہ چودھری کے درمیان تقرریوں کے تبادلے کی بھی ہدایت کی گئی، جبکہ جووینائل جسٹس بورڈز میں اضافی چارج کے انتظامات پر نظرثانی کی گئی۔ بانڈی پورہ کے لیے راجہ ارشد حامد کو نگران ذمہ داری سونپی گئی۔فرح بشیر پرنسپل مجسٹریٹ جے جے بی گاندربل،جنہیں پرنسپل مجسٹریٹ جے جے بی بانڈی پورہ کا اضافی چارج بھی تھا ،کو اضافی چارج سے فارغ کرکے راجہ ارشد حمید کو یہ اضافی چارچ دیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ ایڈیشنل سیشن جج اینٹی کورپشن بیورو کو سپیشل جج ایںتی کورپشن بیورو سرینگر کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ سرکاری احکامات جاری ہونے تک ڈیپوٹیشن پر افسران رجسٹرار جوڈیشل کو رپورٹ کریں۔ اس نے یہ بھی لازمی قرار دیا کہ تمام ٹرانسفرنگ افسران زیر التواء فیصلوں کو مکمل کریں اور نئی اسائنمنٹس سنبھالنے سے پہلے مناسب طریقے سے چارج سونپ دیں۔