سید اعجاز
اونتی پورہ//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ اسلامک یونیورسٹی سائنس اور ٹکنالوجی اور ایمز اونتی پورہ میرے والد مرحوم مفتی محمد سعید کا خواب تھا ۔انہوں نے کہا یہاں آکر مجھے خوشی ہوئی کہ یونیورسٹی چل رہی ہے اور ایمز بھی تیار ہو رہا ہے ۔انہوںجمعہ کے روز جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں زیر تعمیر ایمز (AIIMS) اسپتال سائٹ کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایمز عہدیداروں نے محبوبہ مفتی کو اس اہم پروجیکٹ کے بارے میں جانکاری دی۔اس موقع پر مقامی ممبر اسمبلی ترال رفیق احمد نایک کے علاوہ ممبر اسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ بھی انکے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوے محبوبہ مفتی نے کہا “اونتی پورہ میں تعمیر کیا جا رہا ایمز (اسپتال) دراصل مفتی صاحب کا خواب تھا اور امید ہے کہ جلد ہی یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔”انہوں نے کہا مجھے یہاں آکر اس بات کو لیکر خوشی ہوئی کہ مفتی صاحب کا پہلے IUSTاور ایمز تعمیر کرنا خواب تھا جہاں یونیورسٹی میں بچے پڑ رہے ہیں جبکہ ہسپتال بھی تعمیر ہو رہا ہے ۔اس دوران دورے کے دوران ان کی نوٹس میں لائے گئے معاملا ت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ادارے میں ’’غیر تکنکی اور نان پروفیشنل ملازمین کی بھرتی میں اونتی پورہ اور ملحقہ بستی کو ترجیح دی جائے ‘‘ انہوں نے سرکار سے اپیل کی کہ وہ ایمز میں درجہ چہارم نوکریوں کے لیے مقامی جوانوں کو جگہ ملنی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اونتی پورہ میں ایمز کی شروعات سے علاقے میں جامع ترقی ممکن ہو گی۔