عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت 8 جون کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والے انڈیا اتحاد کے اجلاس میں شرکت کرے گی اور اتحاد کا فعال حصہ ہونے کے ناطے اپنی موجودگی یقینی بنائے گی۔سرینگر کے درگاہ حضرت بل میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ انڈیا اتحاد کا اجلاس طے شدہ پروگرام کے مطابق منعقد ہوگا اور نیشنل کانفرنس کی نمائندگی یا تو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کریں گے یا وہ خود اجلاس میں شریک ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں، جس میں اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کے اس بیان کا حوالہ دیا گیا تھا کہ آرٹیکل 370 کو ’’دفن‘‘ کر دیا گیا ہے، فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے مسئلے کو ہمیشہ زندہ رکھے گی۔انہوں نے کہا، ’’جس دن ہم سب کشمیر کی سرزمین میں دفن ہو جائیں گے، اسی دن آرٹیکل 370 بھی دفن ہوگا۔ اس سے پہلے نہیں۔‘‘فاروق عبداللہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نیشنل کانفرنس ریاستی درجے کی بحالی اور جموں و کشمیر کے آئینی حقوق کے معاملے پر اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔