اسلام آباد/ پاکستان کے سابق کرکٹر یونس خان کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 تک پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے ۔ جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس کی تصدیق کی۔ پی سی بی نے ارشد خان کو ایک سال کے لئے پاکستانی ویمن ٹیم کی بولنگ کوچ مقرر کیا ہے ۔یونس خان کی تقرری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022ء تک کے لیے کی گئی ہے ،اکتوبر،نومبر 2022ء میں آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کا فائنل 13 نومبر کو کھیلا جائیگا ۔ اس سے قبل یونس خان نے دورہ انگلینڈ میں بھی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کیں تھیں اور نوجوان کھلاڑی ان کے ساتھ کام کرکے بے انتہاء خوش تھے ۔پاکستانی کرکٹ ٹیم 23 نومبر کو نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔ ذرائع کے مطابق جب یونس خان ٹیم کے ساتھ مصروف نہیں ہوں گے تب حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے ،نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر یونس خان کے لیے ایک مکمل پروگرام تشکیل دے گا۔[؟] یونس خان نے 2000ء سے 2017ء کے دوران 118 ٹیسٹ میچوں میں 52.05 کی اوسط سے 10099، 265 ون ڈے میچوں میں 7249 اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 442 رنز اسکور کئے ۔یونس خان کو پاکستان کے لیے سب سے زیادہ 34 سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔ان کا بہترین اسکور 2009ء میں کراچی ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف 313 رنزتھا۔