راجوری //خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں یوم آزادی کی تقریب سے قبل سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں جبکہ پولیس و نیم فوجی دستوں کی اضافی نفری کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اس تقریب کے دوران کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کیساتھ نمٹا جاسکے ۔سیکورٹی حکام نے یوم آزادی کے سلسلہ میں سیکورٹی کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے جن میں ہائی وے سیکورٹی اور جنرل ایریا سیکورٹی کو شامل ہیں ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ کے اہم مقامات پر سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یوم آزادی کے سلسلہ میں دونوں سرحدی اضلاع کے تمام داخلی و خارجی پوئنٹس کیساتھ ساتھ قصبوں ودیگر حساس مقامات پر اضافی نفری کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیکورٹی کو دو حصوں میں تقسیم کر کے تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں سرحدی علاقوں میں بھی سیکورٹی فورسز کو متحرک رکھا گیا ہے جبکہ سیکورٹی انتظامات کے سلسلہ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو بھی جانکاری فراہم کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں فورسز کی گشت اور ناکوں میں اضافہ کرنے کیساتھ ساتھ پہلے سے موجود ناکوں کومضبوط کیاگیا ہے ۔