مشتاق الاسلام
پلوامہ //ضلع پلوامہ کے پاریگام علاقے میں غیرقانونی طور یوریا کھاد ذخیرہ کرنے کے ایک بڑے معاملے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں محکمہ زراعت کے انفورسمنٹ ونگ اور پلوامہ پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران 45 کلو وزنی یوریا کھاد کے 1340 ٹھیلے ضبط کرلئے گئے۔کارروائی کے دوران ایک گودام پر چھاپہ مارا گیا جہاں سینکڑوں کی تعداد میں یوریا کھاد غیرقانونی طور ذخیرہ کی گئی تھی۔محکمہ زراعت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے فٹلائزر انسپکٹر ملک ایاز احمد کے ہمراہ کارروائی انجام دی۔ جانچ کے دوران کھاد کے مالک کی شناخت فیاض احمد ماگرے ولد غلام قادر ماگرے ساکن قیصرمولہ چاڈورہ کے طور پر ہوئی۔ متعلقہ شخص مطلوبہ لائسنس اور دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہا۔ پلوامہ پولیس نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن پلوامہ میں ایف آئی آر نمبر 93/2026 کے تحت لازمی اشیاء ایکٹ کی متعلقہ دفعات میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔