نئی دہلی//عرفان پٹھان کے بعد یوراج سنگھ نے بھی سنرائزرس حیدر آباد کے نوجوان کھلاڑی عبدالصمد کی تعریف کی ہے ، پٹھان کی ٹویٹ کے جواب میں یوراج سنگھ نے لکھا کہ صمد نے بہت اعتماد ظاہر کیا ، مجھے لگتا ہے کہ یہ کھلاڑی آئندہ بھی خاص کھلاڑی ہوگا۔آئی پی ایل 2020 میں سن رائزرس حیدرآباد ٹیم کا سفر ختم ہو چکا ہے لیکن ٹیم اور اس کے کھلاڑیوں کی کارکردگی لوگوں کے دل اور ذہنوں میں بس گئی ہے ۔ دہلی کیپٹلز کے ہاتھوں دوسرے کوالیفائر میں شکست کے ساتھ ٹیم کا دوسری بار یہ ٹرافی جیتنے کا خواب ٹوٹ گیا۔ حیدرآباد کی ٹیم نے پچھلے میچوں میں بہت زیادہ اچھی کرکٹ کھیلی جس کی تعریف بھی سب نے کی۔ حیدرآباد کے لئے جموں و کشمیر کے کھلاڑی عبد الصمد نے دوسرے کوالیفائر میچ میں دہلی کے خلاف 16 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیل کر سب کی توجہ مبذول کرائی ہے ۔ میچ کے بعد عرفان پٹھان نے اس کھلاڑی کی تعریف کی تھی جبکہ اب یوراج نے صمد کو مستقبل کا خاص کھلاڑی قرار دیا ہے ۔عرفان پٹھان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے عبد الصمد پر اتنا عظیم کردار اور پاور گیم دیکھ کر بہت فخر ہے ۔ عرفان پٹھان کے ٹویٹ کے جواب میں یوراج سنگھ نے لکھا کہ صمد نے بہت اعتماد ظاہر کیا ، مجھے لگتا ہے کہ یہ کھلاڑی آئندہ بھی خاص کھلاڑی ہوگا۔ صمد نے اس سیزن میں حیدرآباد کے لئے کچھ اچھی اننگز کھیلیں اور اپنے دھماکہ خیز انداز سے سب کو متاثر کیا۔عبد الصمد جموں وکشمیر کی طرف سے آئی پی ایل میں کھیلنے والے پہلے کھلاڑی ہیں ، انہیں خود وی وی ایس لکشمن اور عرفان پٹھان جیسے کھلاڑیوں نے دریافت کیا تھا۔ صمد نے ڈومیسٹک کرکٹ میں تیز رنز بنانے کی صلاحیت کے لئے ایک نام کمایا ہے ۔ اس سیزن میں انہوں نے حیدرآباد کی جانب سے 12 میچوں میں 170.76 کی اسٹرائک ریٹ سے 111 رنز بنائے جبکہ بولنگ میں صمد نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ صمد نے اننگز کا آخری اوور بھی حیدرآباد کے لئے میچ میں کیا اور ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب رہے تھے ۔