عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ اور انسپکٹر جنرل آف پولیس ودھی کمار بردی نے وادیٔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہنگامہ آرائی، پرتشدد جھڑپوں اور امنِ عامہ میں خلل کی اطلاعات پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے معاشرے کے تمام طبقات سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ انتہائی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی، تشدد یا اشتعال انگیز کارروائی سے گریز کریں۔ایک مشترکہ بیان میں دونوں سینئر حکام نے کہا کہ ’’کشمیر کے عوام نے ایران میں حالیہ پیش رفت پر گہرے رنج و غم اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ہم ہر شہری کے اس حق کا احترام کرتے ہیں کہ وہ اپنے خیالات، غم اور یکجہتی کا اظہار پُرامن، مہذب اور قانونی طریقے سے کرےتاہم، ہمیں وادیٔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہنگامہ آرائی، پرتشدد جھڑپوں اور امنِ عامہ میں خلل کی اطلاعات پر شدید تشویش ہے‘‘۔بیان میں مزید کہاگیا ہے’’تشدد، املاک کو نقصان پہنچانا اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم کسی بھی طرح فائدہ مند نہیں۔ ایسے اقدامات صرف ہماری اپنی برادریوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور ان کے نتیجے میں زخمی ہونے کے واقعات، جانوں کا ضیاع، نقل و حرکت پر پابندیاں، تعلیمی اداروں کی بندش، اور خاندانوں، تاجروں، طلبہ اور دیہاڑی دار مزدوروں کے لئے غیر ضروری مشکلات پیدا ہوتی ہیں‘‘۔بیان میں دونوں حکام کا مزید کہناہے’’ہم معاشرے کے تمام طبقات بشمول نوجوانوں، بزرگوں، خواتین، مذہبی رہنماؤں اور عام شہریوں سے پُرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ انتہائی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی، تشدد یا اشتعال انگیز کارروائی سے گریز کریں۔ہم تمام شہریوں سے یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ امن و قانون کی برقراری کے لیے پولیس انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں‘‘۔بیان میں مزید کہاگیا ہے’’پولیس ہنگامہ آرائی یا قانون کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر اور اشتعال دلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔حکام قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور جان و مال کے تحفظ کے لئے پُرعزم ہیں‘‘۔دونوں حکام نے اپیل کی ہے کہ سب مل کر اپنے معاشرے میں امن، استحکام اور ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔