عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ//ضلع میں ہنر مندی اور ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر جے کے بینک رورل سیلف ایمپلائمنٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (RSETI)اننت ناگ میں نبارڈ کی مالی معاونت سے قائم کی گئی کمپیوٹر لیبارٹری کا آج افتتاح کیا گیا۔لیبارٹری کا افتتاح نبارڈ اننت ناگ کے اسسٹنٹ جنرل منیجر رئوف زرگر نے کیا۔ اس موقع پر لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر محمد شفیع اور ڈائریکٹر آر سیٹی اننت ناگ مشتاق احمد بھی موجود تھے۔یہ کمپیوٹر لیبارٹری نبارڈ کے فائنانشل انکلوژن فنڈ (FIF)کے تحت مالی امداد سے قائم کی گئی ہے، جس سے دیہی نوجوانوں کیلئے تربیت اور ڈیجیٹل تعلیم کے معیار میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔اسی موقع پر 40 روزہ بیسک کمپیوٹر اکانٹنگ اور بک کیپنگ کورس کے پہلے بیچ کا بھی افتتاح کیا گیا، جس میں 30امیدوار شامل ہیں۔ اس کورس کا مقصد بے روزگار نوجوانوں کو عملی کمپیوٹر اور اکائونٹنگ مہارتیں فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی روزگار کی صلاحیت بڑھے اور وہ خود روزگار کے مواقع تلاش کر سکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ جنرل منیجر نبارڈ نے موجودہ معاشی حالات میں ہنر مندی کی اہمیت پر زور دیا اور دیہی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے آر سیٹیز کے ذریعے نابارڈ کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کیا۔