یو این آئی
واشنگٹن// وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان شراکت داری سے ، اکیسویں صدی میں دنیا بہتر ہوجائے گی۔ واشنگٹن میں آج رونالڈ ریگن مرکز میں،ہندوستان کے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہند-امریکہ شراکت داری، ذمے داری اور ہمدردی پر منحصر ہے ، اور یہ ایک ایسی دوستی ہے جسے دونوں طرف سے حمایت حاصل ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ نے پچھلے تین دن میں اپنی شراکت داری کا ایک نیا سفر شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ، دنیا کیلئے ، میک اِن انڈیا کا سفر ہے ۔ہندوستان -امریکہ دفاعی صنعت میں تعاون کے امکان کو اجاگر کرتے ہوئے ، وزیراعظم مودی نے کہا کہ جنرل الیکٹرک کے ذریعے ، جنگی جیٹ انجن تیار کرنے کا فیصلہ، ہندوستان کے دفاعی شعبے کے سفر میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ نے ، جو آرٹیمز معاہدے پر دستخط کئے ہیں اُس سے خلا کے شعبے میں، بہت سے امکانات پیدا ہونے والے ہیں۔
مودی نے کہا کہ گوگل ، مائیکرون، ایپلائیڈ میٹیریلز، جیسی بہت سی امریکی کمپنیوں نے ، ہندوستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ، جس سے ملک میں روزگار کے بہت سے موقعے پیدا ہوں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ بنگلورو اور احمدآباد میں امریکہ کے نئے قونصل خانے کھولے جائیں گے اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایچ-ون-بی ویزا کی تجدید، خود امریکہ میں ہی کی جاسکتی ہے ۔ ہندوستان کی ترقی کے سفر کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان ، تیزی سے ترقی کررہا ہے اور اِس سے بہت سے لوگوں کی زندگیوں میں یکسر تبدیلی آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ہندوستان ، دنیا کی بھلائی کا پیش خیمہ ہے ۔وزیراعظم نریندر مودی نے واشنگٹن ڈی سی میں، گوگل کے سی ای او سُندر پچائی، ایمیزن کے سی ای او اینڈریو جیسی اور بوئنگ کے سی ای او ڈیوڈکالہن سے ملاقات کی۔ مودی سے ملاقات کے بعد گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ گوگل، ہندوستان میں ڈیجیٹائزیشن کے نظام کے فنڈ میں، 10 ارب ڈالر کا سرمایہ لگا رہا ہے ۔ انہوں نے گجرات کے جی آئی ایف ٹی شہر میں گوگل کے کام کاج کا، عالمی فنٹیک مرکز کھولنے کا بھی اعلان کیا۔ پچائی نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا کیلئے ، وزیراعظم کا وِژن، وقت سے کافی پہلے ہے اور اب وہ اِسے ایک خاکے کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جسے دنیا کے ملک ابھی، محض اپنانے کا ارادہ کررہے ہیں۔