کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں انتظامہ کی جانب سے لگائے گئے ہفتہ وار کورنا کرفیو کے پہلے دن ہی پولیس نے سخت بندشیں عائد کیں۔ ہفتہ وار کورونا کرفیو سوموار صبح سات بجے شروع ہوا جس دوران اگرچہ انتظامیہ نے سبزی، پھل، مرغ، گوشت، بیکری ، دودھ و کریانہ کی دوکانوں کو دس بجے تک کھولنے کی اجازت دی تھی جس دوران بازاروں میں کافی گہماگہمی دیکھی گئی اور لوگوں کی بھاری بھیڑ بازاروں میں خریداری کرتے ہوئے دیکھی گئی۔ دس بجے کے بعد پولیس نے سختی کرتے ہوئے کئی مقامات پر سڑکوں پر خارار تاریں بچھائیں اور لوگوں کے چلنے پر قدغن لگائی جبکہ کئی مقامات پر گلی کوچوں میں بھی تاریں لگائی گئی تھیں۔ ایس ایس پی کشتواڑ و ڈی ایس پی ہیڈکوارٹراور ایس ایچ او نے کشتواڑ قصبہ کا دورہ کیا اور خلاف ورزی کرنے والے کئی افراد کیخلاف کاروائی عمل میں لائی اور انکے بروقت چالان کاٹے گئے۔جبکہ قصبہ میں بعد میں دوکانیں ، تجاراتی مراکز ،ٹرانسپورٹ مکمل بند رہااور لوگ کی بڑی آبادی گھروں میں ہی محدود ہوکررہ گئی۔ جگہ جگہ پولیس و پیرا ملٹری فورس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیاتھا جو ہر آنے و جانے والی گاڑیوں کی ناکوں پر پوچھ تاچھ کے بعد ہی انھیں جانے کی اجازت دے رہے تھے۔قصبہ کے ساتھ ضلع کے دیگر علاقہ جات میں بھی کرونا کرفیو کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔چھاترو ، مغلمیدان، پاڈر ، ٹھکرائی ، درابشالہ ، بونجواہ و دیگر علاقوں میں بھی کرونا کرفیو کا نفاد عمل میں لایا گیاتھا جس دوران تمام تر تجارتی مراکز بند رہے جبکہ لوگوں کی بڑی تعدا دگھروں میں ہی محصور رہی۔