عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے کل سری نگر میں متعدد عوامی وفود اور اَفراد سے ملاقات کی اور جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور کے محکموں سے متعلق ان کے مسائل اور مطالبات سنے۔وزیرموصوف نے تمام وفود اور افراد کے مسائل بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ ہر مسئلے کا میرٹ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا اور اسے شفاف اور وقت کے تعین کے ساتھ حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ملاقات کے دوران موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں جلد از جلد نمٹایا جائے۔ اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فیلڈ سطح کے عملے کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھا جائے تاکہ عوامی شکایات کو مؤثر طریقے سے اور بلا تاخیر حل کیا جا سکے۔