ہجوا ( بانہال ) //ضلع رام بن میں سب ڈویڑن بانہال کے ہجوا علاقے میں 29 جون 2021 کو آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں بارہ رہائشی مکانوں میں رہائش پذیر 32 کنبوں کے قریب ڈیڑھ سو افراد بے گھر ہوئے ہیں اور ایکدم بے بس اور لاچارگی کا شکار ہوئے متاثرین نے سرکار اور عوام سے فوری اور بھرپور مدد کی استدعا کی ہے تاکہ اکتوبر میں ہی شروع ہونے والی سردیوں سے پہلے وہ اپنے مکانوں کو دوبارہ تعمیر کرسکیں۔ آگ کی اس ہولناک واردات میں متاعِ حیات سے محروم ہوئے کنبے اب راکھ کے ڈھیروں میں تبدیل ہوئے اپنے گھروں کے ملبے کو صاف تو کر رہے ہیں لیکن نئے مکان تعمیر کرنے اور مستقبل کی زندگی چلانے کیلئے ان متاثرین کے پاس کچھ بھی نہ ہونے کی وجہ سے متاثرین کو اپنے بال بچوں کے مستقبل کی فکر دامن گیر ہورہی ہے۔ یہ علاقہ برفباری میں کئی کئی ماہ تک منقطع رہتا ہے۔ خطہ افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے ہجواہ تحصیل کھڑی کے بتیس متاثرہ کنبوں میں سے کوئی بھی سرکاری ملازم نہیں ہے بلکہ علاقے میں بھاری برفباری کے پیش نظر بیشتر مرد اپنے کنبوں کی کفالت کیلئے پانچ مہینوں تک پنچاب اور راجستھان میں مزدوری کیلئے چلے جاتے ہیں۔ اِس علاقے میں اکتوبر کے اوائیل میں ہی موسم سرما دستک دیتا ہے اور ایسے میں متاثرین فوری طور سرکار اور عام لوگوں سے مدد کی اپیل کرتے ہیں تاکہ آتشزدگی کے بعد پیدا ہوئی کرب زدہ زندگی سے باہر نکل سکیں۔مقامی متاثر غلام محمد سرخ نے بتایا کہ ان کا سب کچھ جل کر راکھ ہوگیا ہے اور زندگی کا پہیہ تھم سا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چار بیٹیوں کا باپ ہے او دو کی شادی کیلئے سوچ ہی رہا تھا کہ محنت اور مشقت سے عمر بھر کی کمائی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کچھ بھی نہیں بچا ہے اور ملبہ صاف کرنے کیلئے مرد وخواتین افراد خود ہی کام پر لگے ہیں۔ مقامی متاثر اور سماجی کارکن فیاض احمد سرخ نے بات کرتے ہوئے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر رامبن مسرت الاسلام نے اپنے دورے کے دوران چاول اور کمبل کے علاؤہ ایک ایک کنبے کو 3125 روپئے کی رقم دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال والنٹئرز این جی او اور بانہال کی ایک اور رضاکار تنظیم نے کچن کے برتن اور کمبل دیئے جبکہ ابابیل فاؤنڈیشن منگت کے تمام متاثرہ کنبوں میں ایک ایک بستر اور دس ہزار روپئے نقدی دیئے جبکہ سلام فاونڈیشن مہو نے بھی چاول اور کمبل وغیرہ کی صورت میں ہجوا متاثرین کی مدد کی۔ادھر سماجی تنظیم سوشل ویلفیئر ایسوسیشن بانہال یا ثواب نے بھی ہجوا متاثرین کی امداد کیلئے اپنی مہم شروع کی ہے اور انجمن نے ثواب کے ارکان اور بانہال کے لوگوں سے ہجوا متاثرین کی مدد کیلئے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں آئندہ جمعہ ، عرفہ اور عیدالاضحی کے روز مختلف گروپوں کی صورت میں مساجد ، عید گاہوں اور صاحب ثروت لوگوں سے ہجوا تحصیل کھڑی ضلع رامبن کے متاثرین کیلئے امدادی جمع کرنے کا اعلان کیاںہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ ہجوا آگ متاثرین کی مدد کیلئے بھرپور مدد کریں اور اپنے اہلخانہ ، خواتین ، رشتہ داروں اور ہمسائیوں اور کو بھی ہجوا آتشزدگی میں اپنا سب کچھ کھو جانے والے متاثرین کو مدد کرنے کی ترغیب دیں۔