عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// بلیک مارکیٹنگ کو روکنے کیلئے ایل پی جی گیس سلنڈر کی بکنگ کی مدت 21دن سے بڑھا کر 25دن کر دی گئی ہے۔حکومت نے ریفائنریوں کو ایل پی جی پیداوار بڑھانے کی ہدایت دی ہے اور گھریلو صارفین کو تجارتی کنکشن پر ترجیح دینے کا حکم دیا ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین ہمیشہ اولین ترجیح ہوں گے جبکہ بھارت مزید ایل پی جی فراہم کنندگان کی تلاش میں ہے۔ الجزائر، آسٹریلیا، کینیڈا اور ناروے جیسے ممالک نے بھارت کو ایل پی جی فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے۔بھارت میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں فوری طور پر نہیں بڑھیں گی، جب تک کہ خام تیل کی قیمت 130امریکی ڈالر فی بیرل سے تجاوز نہ کرے۔ذرائع کے مطابق ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا کافی اسٹاک موجود ہے۔ذرائع نے کہا’’ہمیں توقع ہے کہ خام تیل کی قیمت تقریبا ً100امریکی ڈالر فی بیرل ہوگی۔ ملک کے کسی بھی پمپ پر پیٹرول اور ڈیزل کی کمی کا مسئلہ نہیں ہوگا‘‘۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے علاوہ دیگر راستوں سے خام تیل کی خریداری تیز کی گئی ہے۔مزید برآں ذرائع نے کہا کہ بھارت کے پاس ایوی ایشن ٹربائن فیول (ATF)کا کافی اسٹاک موجود ہے۔بھارت ATF کا پیدا کنندہ اور برآمد کنندہ ہے، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔