عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//گورنمنٹ نرسنگ کالج راجوری میں بی ایس سی نرسنگ کے طلباء کی شمع روشن اور حلف برداری کی پروقار تقریب علمی وقار اور جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ یہ تقریب نو آموز نرسنگ طلبہ کی پیشہ ورانہ زندگی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی جس میں طلباء نے باقاعدہ طور پر طبی خدمات کے شعبہ میں اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کیا۔یہ پروگرام گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے پرنسپل پروفیسر اے ایس بھاٹیہ کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا۔ تقریب کی نگرانی اور تنظیم ڈاکٹر جمیل الحسین، سربراہ شعبہ طب اور کوآرڈی نیٹر گورنمنٹ نرسنگ کالج راجوری نے کی، جبکہ فنانشل ایڈوائزر سی اے او اشرف حقلا، ٹی بی ہسپتال راجوری کی ڈاکٹر یاسمین اور نرسنگ کالج کے عملے نے بھی تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اے ایس بھاٹیہ نے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں نرسنگ پیشہ ور افراد کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمدردی، پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور اخلاقی ذمہ داری معیاری مریض نگہداشت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے نرسنگ کو ایک عظیم اور باوقار پیشہ قرار دیا اور انہیں تلقین کی کہ وہ اپنی خدمات میں پیشہ ورانہ دیانت، انسان دوستی اور مسلسل سیکھنے کے جذبے کو برقرار رکھیں۔تقریب میں موجود معزز مہمانوں نے کہا کہ شمع روشن کرنے کی روایت دراصل طلباء کے اندر ذمہ داری، خدمت اور عزم کے جذبے کی علامت ہے۔ اس موقع پر فلورنس نائٹنگیل کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کی انسانیت نوازی، خدمت خلق اور لگن کے پیغام کو اجاگر کیا گیا، جو آج بھی نرسنگ پیشے کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔تقریب کا آغاز طلباء کے باوقار جلوس اور اجتماعی دعا سے ہوا جس کے بعد نو آموز نرسوں سے حلف لیا گیا۔ طلبہ نے اخلاقی اصولوں کی پاسداری، مریضوں کی خدمت اور انسانیت کی بھلائی کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے کا عہد کیا۔