عظمیٰ نیوز سروس
جموں//حکومت نے کل قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ گوجر و بکر وال گرلز ہوسٹل زنگلی کپواڑہ اور گوجر بکر وال بوائز ہوسٹل ہندواڑہ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور اگلے تعلیمی سیشن سے داخلہ کا عمل شروع کرنے کے لئے تیار ہے۔وزیر برائے قبائلی اَمور جاوید احمد رانا نے ایوان میں چودھری محمد اکرم کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ دونوں ہوسٹل مکمل ہو چکے ہیں اور طلبأ کے داخلے کے لئے تیار ہیں۔وزیرموصوف نے گوجر و بکر وال گرلز ہوسٹل بڈگام اور گوجر و بکر وال گرلز ہوسٹل بارہمولہ کی تعمیر کے بارے میں بتایا کہ یہ ہوسٹل تکمیلی مرحلے میں ہیں اور جلد مکمل کئے جائیں گے۔ تاہم بجلی، پاور اور پانی کے کنکشن سے متعلق کچھ کام زیر اِلتوا ‘ہیں جس کے لئے متعلقہ عمل آوری ایجنسی سے معاملہ اُٹھایا گیا ہے تاکہ اگلے تعلیمی سیشن سے داخلہ کا عمل شروع کیا جاسکے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ سری نگر میں ایس ٹی ، گوجر و بکر وال گرلز ہوسٹل کی تعمیر کے لئے زمین محکمہ قبائلی امور کے حق میں منتقل کی گئی ہے۔