ابتدائی مرحلے میں رکاوٹ کی وجہ سے لوگوں کی خوشی مایوسی میں تبدیل
سید اعجاز
ترال//کارملہ ترال کے گوجر بستی بھگمڈکو رابط سڑک کے ساتھ جوڑنے کی غرض سے کارملہ سے ’’پیر کنی‘‘ تک وزیر اعظم گرام سڑک یوجنا(پی ایم جی ایس وائے) کے تحت ایک رابط سڑک کو تعمیر کرنے کی منظوری مل گئی اور حال ہی میں اس سلسلے میں زرکثیر بھی واگزار ہوئی۔اس خبر کے منظر عام پر آنے کے ساتھ ہی اس وسیع علاقے کی آبادی نے زبردست خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے کیوں کہ یہ سب ضلع ترال کی ایک واحد بستی ہے جو تاحال بڑی آبادی ہونے کے باجود سڑک رابطے سے محروم ہے جو علاقے کی پسماندگی کا سب سے بڑی وجہ مانا جاتا ہے ۔اس دوران جب سڑک کو تعمیر کرنے کا کام الاٹ ہونے والے ٹھیکہ دار نے بستی میں کام کے لئے نشان دہی شروع کی تو یہاں ایک زمیندار کی وسیع اراضی سڑک کی زد میں آئی اور دوسری جانب اب انہیں اراضی کے عوض کوئی معاوضہ نہیں ملے گا جس کی وجہ سے اراضی مالک نے سڑک کو تعمیر کرنے اور مفت اراضی فراہم کرنے سے انکار کیا ہے جس کی وجہ سے بھگمڈ اور ملحقہ آبادی کی خوشی مایوسی میں تبدیل ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا ہم گزشتہ70سال سے یہاں تک رابط سڑک تعمیر کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا سڑک نہ ہونے کی وجہ سے آج تک کئی حاملہ خواتین بے موت مر گئیں،روز گار یا مزدوری کا کوئی انتظام نہیں ہے جبکہ بستی کے لوگ غربت سے بھی دو چار ہیں ۔انہوں نے بتایا ہمارا مطالبہ ہے کسان کو زیادہ نقصان کو کم کرنے اور علاقے تک رابط سڑک کو تعمیر کرنے کے لئے محکمے کوسائٹ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ سڑک بھی تعمیر ہوجائے۔پی ایم جی ایس وائی کے ذرائع نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ یہ سڑک تعمیر ہونی چاہے جس کے لئے سوچ رہے ہیں کس طرح تمام درکار پیرا میٹرس مکمل ہو سکیں گے ۔ادھر ممبر اسمبلی ترال رفیق احمد نائیک نے بتایا کہ ان کی نوٹس میں بھی یہ مسئلہ آیا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے محکمے کے اعلیٰ افسران نے کے ساتھ بات کی اور یہ سڑک تعمیر کی جائے گی تاہم کسان کو زیادہ نقصان نہیں ہونا چاہئے۔