۔10جنوری تک شبانہ سردی میں متواتر اضافہ ہوگا: محکمہ موسمیات
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوری کے مہینے میں وادی کے میدانی علاقوں میں بھاری برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے۔البتہ بیچ بیچ میں پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا دورانیہ ہوسکتا ہے۔ادھروادی میں اتوار کو گلمرگ اور سونہ مرگ میں ایک بار پھر برفباری ہوئی۔ دونوں مقامات پریہ اس موسم کی تیسری برفباری بتائی جاتی ہے۔ادھر وادی بھر میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے رہا اور سردی کی لہر برقرار رہی۔تازہ ترین پیش گوئی کے مطابق اگلے دو دنوں میں پورے کشمیر میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے، جس میں 6 جنوری کے آس پاس ایک مختصر تبدیلی کا امکان ہے۔
ٹنگمرگ
مشتاق الحسن کے مطابق اتوار کوگلمرگ، بابا ریشی اور ٹنگمرگ میں تازہ برفباری ہوئی۔اتوار کی صبح گلمرگ اور گردونواح میں کھلی دھوپ سے اگرچہ مارچ کے موسم کا احساس ہونے لگا تھا تاہم دوپہر کو موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی گلمرگ،باباریشی اور ٹنگمرگ میں تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوا۔ تازہ برفباری کے بعد گلمرگ روڈ پر برف سے پھسلن پیدا ہوئی جو ٹریفک جام کی وجہ بن گئی۔گلمرگ میں شام تک تین انچ جبکہ افروٹ پر قریب چار انچ اور کنگہ ڈوری میں بھی 4انچ تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی۔
سونمرگ
غلام نبی رینہ نے سونہ مرگ سے اطلاع دی کہ وہاں سہ پہر3بجے برفباری شروع ہوئی جو دو گھنٹے 5بجے تک جاری رہی، اور اس دوران 3انچ تازہ برفباری ہوئی۔اسکے علاوہ بالہ تل میں 4انچ،زوجیلا 5انچ اور منی مرگ میں2انچ برف ریکارڈ کی گئی۔
ٹنگمرگ
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ 5 جنوری کو پورے خطے میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے، جس سے موسم سرما کے فعال حالات سے راحت ملے گی۔ 5اور 6کے درمیان موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران شمالی اور وسطی کشمیر کے الگ تھلگ اونچے علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ9اور 10 جنوری کو ایک بار پھر موسم تبدیل ہوگا اور بالائی علاقوں میں کچھ ایک جگہوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ16اور17 جنوری ایک بار پھر موسم کروٹ لے سکتا ہے اور موسم کی چھوٹی سرگرمی کا امکان ہے۔اسکے بعد19-20جنوری تک موسمیاتی تبدیلی کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ڈائریکٹر موسمیات نے کہا کہ صرف ہلکی برفباری کے امکانات ہیں اور وہ بھی الگ تھلگ پہاڑی مقامات پر جس طرح پچھلے دنوں سے دیکھا گیا ہے۔ ڈائریکٹر نے کہ 20جنوری تک کوئی بھاری برفباری یا میدانی علاقوں میں بڑے پیمانے پر برف گرنے کے بہت کم امکانات ہیں۔انکا کہنا تھا کہ 10جنوری تک سردی میں اضافہ ہوگا اور درجہ حرارت منفی چار یا منفی پانچ تک بھی گرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکے بعد شدید ٹھنڈ میں راحت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ میدانی اور زیریں علاقوں میں اس عرصے کے دوران کسی خاص بارش کا امکان نہیں ہے۔ تاہم، اونچائی والے علاقوں میں ہلکی برف باری ہو سکتی ہے اگر بادل کا احاطہ تیز ہو جاتا ہے۔
درجہ حرارت
محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، گلمرگ میں منفی 6.5 جبکہ پہلگام میں پارہ منفی 4 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ادھر جموں خطے میں بھی سردی کا اثر برقرار رہا۔ جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس، کٹرہ میں 7 ڈگری، بٹوت میں 1.9 ڈگری، بانہال میں منفی 0.9 ڈگری اور بھدرواہ میں منفی 1.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
ایڈوائزری
جموں ڈویژن کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، جس میں میدانی علاقوں میں درمیانے درجے کی دھند کی وارننگ دی گئی ہے اور اگلے تین دنوں کے دوران چند مقامات پر گھنے سے بہت گھنی دھند پڑنے کا امکان ہے۔عہدیداروں نے کہا کہ دھند کے حالات سے صبح سویرے اور دیر شام کے اوقات میں خاص طور پر نشیبی علاقوں اور جموں کے میدانی علاقوں میں شاہراہوں کے کھلے حصوں میں مرئیت متاثر ہونے کی توقع ہے۔ مشورتی انتباہات جن کی وجہ سے مرئیت میں کمی واقع ہو سکتی ہے، سڑک ٹریفک اور روزانہ کے سفر کے لیے خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔